غزہ کے شفاء ہاسپٹل پر اسرائیلی فوج کا ایک اور حملہ
اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح غزہ پٹی کے دوسرے بڑے دواخانہ پر ایک اور حملہ کردیا۔ اس کا کہنا ہے کہ حماس کے لڑاکے وہاں دوبارہ اکٹھا ہوئے اورانہوں نے ہسپتال کمپاؤنڈ کے اندر سے اسرائیلی فوج پر گولیاں چلائیں
رفح (غزہ پٹی): اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح غزہ پٹی کے دوسرے بڑے دواخانہ پر ایک اور حملہ کردیا۔ اس کا کہنا ہے کہ حماس کے لڑاکے وہاں دوبارہ اکٹھا ہوئے اورانہوں نے ہسپتال کمپاؤنڈ کے اندر سے اسرائیلی فوج پر گولیاں چلائیں جبکہ فلسطینی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دواخانہ میں ہزاروں افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔
اسرائیلی فوج نے پچھلی مرتبہ شفا ہاسپٹل پر حملہ نومبر میں کیا تھا۔ دواخانہ میں پناہ لینے والے افراد نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے دبابوں اور توپ خانوں کے ساتھ آج صبح میڈیکل کامپلکس کا محاصرہ کرلیا۔
اسنائپرس (ماہر نشانہ باز) دواخانہ کے اندر موجود لوگوں پر گولیاں چلانے لگے۔ فوج نے کئی عمارتوں پر دھاوا کیا اور کئی افراد کو پکڑلیا۔ گزشتہ 3 ماہ میں دواخانہ میں پناہ گزیں عبدالہادی سید نے کہا کہ ہم اندرپھنس کر رہ گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج حرکت کرنے والی کسی بھی چیز پر فائرنگ کردیتے ہیں۔
ڈاکٹرس اور ایمبولنس گاڑیاں آگے نہیں بڑھ سکتیں۔ غزہ کی وزارت ِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی توپوں اور مزائلوں کا رخ اسپیشل سرجریز کے لئے زیراستعمال عمارت کی طرف ہے۔ دواخانہ کی گیٹ پر آگ لگ گئی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ دواخانہ میں 30 ہزار کے آس پاس لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے۔
ان میں مریض‘ طبی عملہ اور جان بچانے کے لئے اپنا گھربار چھوڑکر آنے والے لوگ شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے میڈیکل کامپلکس کے بعض حصوں میں اچوک نشانہ والا آپریشن شروع کیا ہے۔ اس نے کہا کہ وہاں حماس کے سینئر لڑاکے پھر سے منظم ہوئے ہیں اور کمپاؤنڈ کے اندر سے حملوں کی ہدایت دے رہے ہیں۔
اس نے کہا کہ مریض اور میڈیکل اسٹاف میڈیکل کامپلکس میں رہ سکتا ہے۔ دواخانہ سے باہر نکل جانے کے خواہاں شہریوں کے لئے محفوظ راستہ دستیاب ہے۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس دواخانوں اور دیگر سیویلین عمارتوں کو اپنے لڑاکوں کی ڈھال کے طورپر استعمال کررہی ہے۔
آئی اے این ایس کے بموجب غزہ کی وزارت ِ صحت نے پیر کے دن کہا کہ غزہ پٹی کے اندر اسرائیل کی جوابی کارروائی کے بعد جاں بحق فلسطینیوں کی جملہ تعداد بڑھ کر 31,645 ہوگئی۔ اس نے کہا کہ کل رات اسرائیلی بمباری میں کم ازکم 61 فلسطینیوں کی جانیں گئیں جس کے ساتھ ہی جاں بحق افراد کی جملہ تعداد 31,645 تک جاپہنچی۔
اسرائیلی میڈیا نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی وفد عنقریب پھر دوحہ پہنچے گا تاکہ جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے لئے بات چیت کی جائے۔ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ زائداز 5 ماہ سے جاری جنگ اور اسرائیلی محاصرہ نے غزہ پٹی میں انسانی بحران پیدا کردیا ہے۔ امریکہ نے باربار خبردار کیا ہے کہ ساحلی علاقہ کی 24لاکھ کی آبادی پر قحط منڈلارہا ہے۔