پرچوں کے افشا معاملہ کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات، چیف منسٹر کا اعلان
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اس سلسلہ میں چیف جسٹس تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ کے نام مکتوب تحریر کرتے ہوئے برسر خدمت جج کی خدمات فراہم کرنے کی خواہش کی جائے گی۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی ایس پی ایس سی میں پرچوں کے افشاء اور اہلیتی امتحانات کے انعقاد میں ناکامیوں کے موضوع کا برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرائی جائیں گی۔
آج صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اس سلسلہ میں چیف جسٹس تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ کے نام مکتوب تحریر کرتے ہوئے برسر خدمت جج کی خدمات فراہم کرنے کی خواہش کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ریاستی خزانہ پر اضافی بارڈالے بغیر موجودہ وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اپنے کام کاج انجام دے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے قافلہ میں موجود کاروں کو تبدیل نہیں کریں گے اور پرگتی بھون واسمبلی کی عمارتوں کا ممکنہ حدتک بہتر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ کاروں کے قافلہ میں شامل کسی بھی گاڑی کو تبدیل نہ کریں۔ بلٹ پروف کاروں کے رنگ کو تبدیل کرتے ہوئے نئے اسٹیکرس کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر کے قافلہ میں موجود کاروں کی تعداد کو بھی کم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی جانب سے مختلف کارپوریشنس کے لئے تقرر کئے گئے صدر نشینوں کو برخاست کرنے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ ماباقی دوکارپوریشنس کے صدرنشین کو بھی ہٹا دیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت بہت جلد بینکرس کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سابق میں چیف منسٹر کی قیامگاہ پرگتی بھون کا مکمل، موثر سطح پر استعمال کیا جائے گا۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر کی سرکاری قیامگاہ کو ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ کے لئے مختص کیا گیا ہے۔
سابق وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی قیامگاہ کو کسی دوسرے وزیر کی قیامگاہ کے طور پر اور ایک عمارت کو گیسٹ ہاوز کے طور پر اسی کامپلکس میں واقع ایک اور عمارت کو ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طلبا کیلئے کام کررہے محکمہ کیلئے مختص کیا جائے گا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ دہلی میں تغلق روڈ پر واقع چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ برقرار رہے گی۔ انہوں نے پھر ایک بار تیقن دیا کہ صحافیوں کو امکنہ کی منظوری کے مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔