مشرق وسطیٰ

لبنان پر اسرائیل کا ہلاکت خیز ترین حملہ، 182 شہری جاں بحق

لبنان پر پیر کے دن اسرائیلی حملوں میں 182 لبنانی جاں بحق ہوگئے۔ 2006 کی اسرائیل۔ حزب اللہ جنگ کے بعد سے یہ ہلاکت خیز ترین حملہ ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی اور مشرقی لبنان کے شہریوں کو حزب اللہ کے خلاف فضائی حملے تیز کرنے سے قبل خبردار کیا کہ وہ تخلیہ کردیں۔

مرجعون: لبنان پر پیر کے دن اسرائیلی حملوں میں 182 لبنانی جاں بحق ہوگئے۔ 2006 کی اسرائیل۔ حزب اللہ جنگ کے بعد سے یہ ہلاکت خیز ترین حملہ ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی اور مشرقی لبنان کے شہریوں کو حزب اللہ کے خلاف فضائی حملے تیز کرنے سے قبل خبردار کیا کہ وہ تخلیہ کردیں۔

متعلقہ خبریں
لبنان میں نقل مقام کرنے والوں کے لئے 867مراکز کا قیام

ہزاروں لبنانیوں نے جنوب کا رخ کیا۔ بیروت جانے والی سڑکوں پر کاروں کی قطاریں دکھائی دیں۔ ٹریفک جام ہوگئی تھی۔ اسرائیلی حملوں میں 400 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے آج اعلان کیا کہ اس نے 300 اہداف کو نشانہ بنایا۔ بعض حملوں کی زد میں رہائشی علاقے بھی آئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ فضائی حملوں کو وسعت دے رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ شہریوں کو فوری جانا ہوگا۔ اسی دوران حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی چوکی پر کئی راکٹ فائر کئے۔ اس نے دوسرے دن بھی رافیل ڈیفنس فرم کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جس کا ہیڈکوارٹر حیفہ میں ہے۔

لبنان پر اسرائیلی حملے جس وقت جاری تھے اس وقت شمالی اسرائیل میں فضائی حملوں کے سائرن بج رہے تھے۔ خبردار کیا جارہا تھا کہ لبنان سے راکٹ فائر ہورہے ہیں۔ حزب اللہ نے اتوار کے دن تقریباً 150 راکٹ فائر کئے تھے۔ اس نے اپنے ایک اعلیٰ کمانڈر کی شہادت کا بدلہ لینے یہ فائرنگ کی تھی۔

بڑھتے حملوں اور جوابی حملوں سے باقاعدہ جنگ کے اندیشے بڑھ گئے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیل‘ غزہ میں ابھی بھی حماس سے لڑرہا ہے۔ وہ حماس کے ہاتھوں یرغمال اپنے شہریوں کو آزاد کرانے کی کوشش میں ہے۔ حزب اللہ نے عہد کیا تھا کہ وہ فلسطینیوں اور حماس کے ساتھ اظہارِ یگانگت میں اسرائیل پر اپنے حملے جاری رکھے گی۔

حزب اللہ‘ ایران نواز گروپ ہے۔ امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے نمائندوں نے جنوبی لبنان سے زبردست فضائی حملوں کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح کئی علاقے زد میں آئے جو سرحد سے کافی دور ہیں۔ لبنانی وزارت ِ صحت نے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 182 بتائی ہے۔

ایک اسرائیلی فوجی عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل کی توجہ فضائی حملوں پر مرکوز ہے۔ زمینی حملوں کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں۔

اس نے کہاکہ اسرائیل کے حملوں کا مقصد حزب اللہ کی طاقت توڑنا ہے تاکہ وہ اسرائیل پر مزید حملے نہ کرسکے۔ لبنانی میڈیا نے اطلاع دی کہ شہریوں کو ٹیکسٹ میسیج ملا کہ وہ ان عمارتوں سے دور چلے جائیں جہاں حزب اللہ نے اپنے اسلحہ کا ذخیرہ کررکھا ہے۔