جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد اسرائیل کی پھرسے خوفناک بمباری
غزہ میں جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد اسرائیل نے جمعہ کو دوبارہ خوفناک بمباری شروع کردی۔ اسرائیلی فوج نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اس نے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے غزہ میں 200 سے زیادہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
تل ابیب: غزہ میں جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد اسرائیل نے جمعہ کو دوبارہ خوفناک بمباری شروع کردی۔ اسرائیلی فوج نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اس نے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے غزہ میں 200 سے زیادہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
فوج نے ایک بیان میں کہا کہ حماس کی جانب سے کارروائیوں کے خاتمے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی۔ صبح سات بجے سے اسرائیلی فوج نے 200 سے زیادہ ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے جمعہ کو وزیر دفاع یوو گیلانٹ کے حوالے سے کہا کہ حماس صرف طاقت کی زبان سمجھتی ہے اور اسرائیل جنگ کے اہداف کے حصول تک اس پر حملے جاری رکھے گا۔
گیلانٹ نے کہا ایک ویڈیو ریکارڈنگ میں مزید کہا کہ میں نے غزہ کی پٹی پر فضائیہ کے جنگی ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ سے حملوں کو دیکھا۔میں نے پہلے دن سے یہ کہا تھا اور اب میں اسے دہرا رہا ہوں کہ حماس صرف طاقت کی زبان سمجھتی ہے۔
العربیہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کا ایک نقشہ شائع کیا ہے جس میں مختلف مقامات کی وضاحت کی گئی۔ صہیونی فوج نے خان یونس کے مشرق میں واقع علاقوں کو ایک ” طرناک جنگی علاقہ قرار دیا اور کہا کہ پٹی کے لوگوں کو بعد میں انخلا کے لیے کہا جائے گا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے ’’ ایکس‘‘ پر کہا کہ جنگ کے اگلے مراحل کی تیاری میں اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں انخلا کے علاقوں کا نقشہ شائع کیا ہے۔ فوج نے حماس پر جنگ کے آغاز سے ہی غزہ کے باشندوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جمعہ یکم دسمبر کو غزہ کی پٹی پر اپنے حملے دوبارہ شروع کر دیے۔
اس سے قبل آج اسرائیلی آرمی ریڈیو نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فوج میں اندازوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ حماس اسرائیلی بستیوں اور شہروں کی جانب راکٹ فائر کرے گی اور چھاپوں کا ایک بڑا سلسلہ انجام دینے کی کوشش کرے گی۔
فلسطین کے گروپ تحریک اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی شہروں اور قصبوں پر بمباری کی ہے۔ اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں کے ایک گروپ پر متعدد مارٹر گولوں سے بمباری بھی کی ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ فلسطینی اور اسرائیلی فریقوں کے درمیان پھر جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔