پوجا کھیڈکر کو معذوری سرٹیفکیٹ کی اجرائی، کوئی قصوروار نہیں: پونے ہاسپٹل
پونے کے قریب واقع ایک بلدی ہاسپٹل جس نے زیر تربیت آئی اے ایس عہدیدار پوجا کھیڈکر کو 7 فیصد لوکوموٹر معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا، اُس نے اپنی داخلی تحقیقات میں پایا ہے کہ یہ دستاویز قواعد کے مطابق ہے اور اس کی اجرائی میں کوئی غلطی نہیں ہوئی۔

پونے: پونے کے قریب واقع ایک بلدی ہاسپٹل جس نے زیر تربیت آئی اے ایس عہدیدار پوجا کھیڈکر کو 7 فیصد لوکوموٹر معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا، اُس نے اپنی داخلی تحقیقات میں پایا ہے کہ یہ دستاویز قواعد کے مطابق ہے اور اس کی اجرائی میں کوئی غلطی نہیں ہوئی۔ ایک سینئر عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔
پونے شہر کے قریب پمپری چنچواڑ میونسپل کارپوریشن (پی سی این سی) کی جانب سے چلائے جارہے یشونت راؤ چوہان میموریل ہاسپٹل نے اگست 2022 میں پوجا کھیڈکر کو سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا۔ کھیڈکر پر الزام ہے کہ انہوں نے دھوکہ دہی کے ذریعہ یونین پبلک سرویس کمیشن کا امتحان کامیاب کیا ہے۔
الزام ہے کہ انہوں نے جسمانی معذوری اور دیگر پسماندہ طبقات (اوبی سی) سے تعلق رکھنے والے جھوٹے سرٹیفکیٹ پیش کئے تھے۔ ان کی جانب سے یو پی ایس سی کو پیش کئے گئے مختلف سرٹیفکیٹس کی صداقت کا پتہ چلایا جارہا ہے۔ پوجا نے2022 میں بائیں پاؤں کے گھٹنے کے جوڑ کے کام نہ کرنے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے درخواست دی تھی۔
انہوں نے یہاں تین طبی معائنے کروائے تھے اور مختلف محکموں نے ان کامعائنہ کیا تھا۔ 24 اگست 2022 کو انہیں جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں بتایا گیا تھا کہ ان کا گھٹنا 7 فیصد کام نہیں کررہا تھا۔ہاسپٹل کے ڈین ڈاکٹرراجندر وابلے نے آرتھوپیڈک اور فزیوتھراپی ڈپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کی تھی۔
ضلع کلکٹریٹ نے ہاسپٹل سے کہا تھا کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کرے کہ آیا کھیڈکر کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں کوئی غلطی ہوئی ہے۔ ضلع حکام کو بھی ہدایت دی گئی تھی کہ اگر کسی غلطی کا پتہ چلے تو وہ پولیس میں شکایت درج کرائیں۔
ڈاکٹر وابلے نے بتایا گزشتہ ہفتہ ہمیں پونے کے کلکٹر سے یہ خط ملا جس کے بعد ہم نے ہاسپٹل کے اسپیشیالٹی آرتھوپیڈک شعبہ اور فزیوتھراپی ڈپارٹمنٹ سے رپورٹ مانگی تھی، پیر کے دن داخل کی گئی رپورٹ کے مطابق کھیڈکر کو قواعد کے مطابق 7 فیصد معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر وابلے نے کہا کہ تحقیقات کے مطابق کوئی بھی قصوروار نہیں پایا گیا۔