"جلسۂ فیضانِ اہلِ بیتؑ” اور ماہانہ فاتحہ جگر گوشۂ حضور سیدنا غوثِ اعظمؓ کا روح پرور انعقاد
انہوں نے اپنے خطاب میں اہلِ بیتِ اطہارکی عظمت، اولیائے کرام کی تعلیمات، محبتِ رسول ﷺ اور اصلاحِ معاشرہ کے موضوعات پر نہایت مؤثر اور فکر انگیز اظہارِ خیال کیا
حیدرآباد: درگاہِ حضرت سید شاہ درویش محی الدین ثانی قادری رحمۃ اللہ علیہ، کاروان ساہو میں "جلسۂ فیضانِ اہلِ بیت اطہار” اور ماہانہ فاتحۂ جگر گوشۂ حضور سیدنا غوثِ اعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ روحانی و علمی محفل تقدس مآب حضرت مولانا پیر سید شاہ محمد فضل اللہ قادری الموسوی الجیلانی صاحب قبلہ، سجادہ نشین و متولیِ درگاہ، کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی۔
جلسہ کے مہمانِ مقرر حضرت مولانا سید شاہ کلیم اللہ حسینی بندہ نوازی المعروف کاشف پاشا صاحب، سجادہ نشین، تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اہلِ بیتِ اطہارکی عظمت، اولیائے کرام کی تعلیمات، محبتِ رسول ﷺ اور اصلاحِ معاشرہ کے موضوعات پر نہایت مؤثر اور فکر انگیز اظہارِ خیال کیا۔
اس روحانی اجتماع کی نگرانی مولانا پیرزادہ سید شاہ مختار عالم قادری الموسوی الجیلانی اور مولانا ڈاکٹر پیر سید شاہ تنویر عالم قادری الموسوی الجیلانی صاحب، نائب سجادہ نشین بارگاہِ درویشیہ و شیخ الحلقہ بارگاہِ موسویہ، نے انجام دی۔
اس موقع پر حضرت سید سمیع اللہ حسینی صاحب، برادرِ سجادہ نشین بارگاہِ گلسرم و کرکندہ شریف و صیغۂ حسابات مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، مولانا سید شاہ بشیر الدین قادری (مشائخ بالا پور)، مولانا ایڈوکیٹ مرزا خلیل بیگ صاحب سمیت شہر کے معزز علماء کرام، مشائخِ عظام اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
جلسہ کے ناظم و جنرل سیکریٹری صوفی قاری محمد نظام الدین صابری بندہ نوازی نے تمام معزز مہمانوں، علماء، مشائخ اور شرکائے محفل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ آخر میں ملک و ملت کی سلامتی، اتحادِ امت اور عالمِ اسلام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔