مشرق وسطیٰ

سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر حادثے میں عملے کے دو اہلکار ہلاک

سعودی اتحادی فورس کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے حادثے کی تصدیق کی ہے

ریاض : سعودی عرب کے علاقے نجران میں ایک ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوگئے۔ سعودی اتحادی فورس کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے حادثے کی تصدیق کی ہے۔

ترکی المالکی کے مطابق ہیلی کاپٹر نجران کے علاقے میں معمول کی کارروائی کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ حادثے کی دیگر تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں۔

دوسری جانب سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت ریاض اور مشرقی صوبے کی سمت آنے والے متعدد ڈرونز کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

اتحادی فورس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے خمیس مشیط کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل بھی راستے میں تباہ کردیے گئے۔ حکام نے کارروائی کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع نہیں دی۔