تلنگانہ میں ایس آئی آر کا شیڈول تبدیل،پریشان عوام کیلئے راحت
الیکشن کمیشن نے ریاستی انتخابی حکام کو ہدایت دی ہے کہ نظرِ ثانی شدہ شیڈول کی بھرپور تشہیر کی جائے
حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یکم اکتوبر 2026 کو اہلیتی تاریخ (Qualifying Date) قرار دیتے ہوئے تلنگانہ میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے شیڈول میں اہم تبدیلی کر دی ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری نظرِ ثانی شدہ پروگرام کے مطابق اب ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ (مسودہ) 10 اگست 2026 کو شائع کیا جائے گا، جبکہ تمام دعووں اور اعتراضات کی جانچ کے بعد حتمی ووٹر لسٹ 12 اکتوبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نظرِ ثانی شدہ شیڈول کے تحت بوتھ لیول افسران (BLOs) کی گھر گھر سروے مہم 3 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔ اسی روز پولنگ اسٹیشنوں کی تنظیم نو کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد 10 اگست سے 9 ستمبر 2026 تک ووٹرز اپنے نام کے اندراج، حذف، ترمیم یا دیگر تفصیلات سے متعلق دعوے اور اعتراضات جمع کرا سکیں گے، جبکہ ان درخواستوں کی جانچ اور فیصلہ 8 اکتوبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے ریاستی انتخابی حکام کو ہدایت دی ہے کہ نظرِ ثانی شدہ شیڈول کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ تمام اہل ووٹرز اس عمل سے آگاہ ہو سکیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو بھی نئے شیڈول سے تحریری طور پر مطلع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس نظرِ ثانی کا مقصد ووٹر لسٹ کو زیادہ شفاف، درست اور جامع بنانا ہے تاکہ یکم اکتوبر 2026 کی اہلیتی تاریخ کے مطابق تمام اہل شہریوں کے نام انتخابی فہرست میں شامل کیے جا سکیں۔ ایسے ووٹرز جن کے نام درج نہیں ہیں یا جن کی تفصیلات میں کسی قسم کی غلطی موجود ہے، وہ مقررہ مدت کے دوران دعویٰ یا اعتراض داخل کر کے اپنی معلومات درست کرا سکتے ہیں۔