لالو یادو کے خلاف جنتادل یو کا پوسٹر
بہار اسمبلی الیکشن سے قبل برسراقتدار جنتادل یو اور اپوزیشن راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے درمیان پوسٹر وار تیز ہوگئی ہے۔

پٹنہ (آئی اے این ایس) بہار اسمبلی الیکشن سے قبل برسراقتدار جنتادل یو اور اپوزیشن راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے درمیان پوسٹر وار تیز ہوگئی ہے۔
اب حریف جماعتیں وقف ترمیمی بل کی منظوری کے حوالہ سے ایک دوسرے پر طنز کے تیر چلارہی ہیں۔ ہفتہ کے دن پٹنہ کی سڑکوں پر ہندی میں ایک پوسٹر میں وقف مسئلہ پر لالویادو کے مبینہ دُہرے معیار پر سوال اٹھایا گیا۔
پوسٹر میں آر جے ڈی قائد کی 2010 کی لوک سبھا تقریر کا حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے وقف املاک کی بدانتظامی کی روک تھام کے لئے سخت قانون کی پرزور وکالت کی تھی۔
وقف ترمیمی بل پر لالو یادو کے موجودہ متضاد موقف کے حوالہ سے پوسٹر میں پوچھا گیا کہ حقیقی گرگٹ کون ہے؟
گرگٹ کی اصطلاح سابق میں لالویادو کے حامی چیف منسٹر نتیش کمار کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرتے تھے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ جیسوال نے آئی اے این ایس سے کہا کہ اب جنتا کو پتہ چل گیا ہے کہ لالو پرساد یادو کس طرح گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں۔