حیدرآباد

زعفرانی جماعت کی حالت ”جال میں پھنسے چوہے جیسی“ : ہریش راؤ

ہریش راؤ نے کہاکہ پہلے بی جے پی قائدین نے اس کیس کے ملزمین سے کسی روابط کی تردید کی تھی اب یہ قائدین متضاد بیانات دے رہے ہیں جو ان کے قول وفعل کے برعکس ہیں۔

حیدرآباد: کیاش فارایم ایل ایزکیس پربی جے پی کے دہرے معیارکوبے نقاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزراء ٹی ہریش راؤ اور ایس نرنجن ریڈی نے جمعرات کے روز بی جے پی کو شدید تنقید کانشانہ بنایا اورکہاکہ بی جے پی ایک طرف‘ٹی آرایس حکومت کے خلاف بے بنیادالزامات عائد کررہی ہے تو دوسری طرف بے شرمی کے ساتھ اس کیس کی پولیس تحقیقات پر روک لگانے کے لئے عدالت سے رجوع ہورہی ہے۔

پرگتی بھون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے زعفرانی جماعت سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ بتائے کہ فارم ہاوز کیس کی تحقیقات سے بی جے پی قائدین کیوں خوف زدہ ہیں؟ جبکہ اس کیس سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ جب کیس میں ان کا کوئی رول نہیں ہے تو بی جے پی قائدین کوپولیس تحقیقات سے خوف کیوں ہے۔

 انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی حالت‘جال میں پھنسے چوہے کی طرح دکھائی دے رہی ہے۔ہریش راؤ نے کہاکہ پہلے بی جے پی قائدین نے اس کیس کے ملزمین سے کسی روابط کی تردید کی تھی اب یہ قائدین متضاد بیانات دے رہے ہیں جو ان کے قول وفعل کے برعکس ہیں۔

بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے یدادری کی مندر میں قسم کھاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پارٹی کا اس کیس میں کوئی رول نہیں ہے جبکہ دوسری طرف بی جے پی کے جنرل سکریٹری پرمیندرریڈی‘عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے پولیس تحقیقات کے خلاف حکم التواء حاصل کررہے ہیں۔

 ریاستی وزیر فینانس نے کہاکہ پرمیندرریڈی نے عدالت میں ایک سے زائد عرضیاں داخل کرتے ہوئے پولیس تحقیقات کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ریڈی نے اس کیس کی تحقیقات سی بی آئی یا عدالتی تحقیقات کرانے کی کوشش کی ہے اب نئی کوشش میں وہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات پرحکم التواء حاصل کرناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حساس کیس کی تحقیقات سے تلنگانہ پولیس کوروکنے کی کوشش دراصل پولیس کی ماہرانہ صلاحیتوں پرشک کرتے ہوئے اس کے حوصلوں کوپست کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اس کیس میں بی جے پی یا اس کے قائدین کاکوئی کردار نہیں ہے تو پھر پولیس تحقیقات سے انہیں خوف اورڈرکیوں ہے؟ ایسا لگتا ہے کہ ”دال میں سب کچھ کالا ہے“۔

 ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کہا کہ اس پورے کیس میں اس کی سازش کی تحقیقات سے بی جے پی خوفزدہ ہے اس لئے وہ اس کیس کی تحقیقات نہیں چاہتی۔