جسٹس مہیش شرد چندر سونک نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طورپر حلف لیا
جھارکھنڈ ہائی کورٹ کو نیا چیف جسٹس مل گیا ہے۔ جمعہ کے روز لوک بھون میں منعقدہ تقریب کے دوران گورنر سنتوش کمار گنگوار نے جسٹس مہیش شرد چندر سونک کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔
رانچی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ کو نیا چیف جسٹس مل گیا ہے۔ جمعہ کے روز لوک بھون میں منعقدہ تقریب کے دوران گورنر سنتوش کمار گنگوار نے جسٹس مہیش شرد چندر سونک کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے دیگر جج صاحبان، ایڈوکیٹ جنرل، اسٹیٹ بار کونسل کے صدر سمیت کئی سینئر وکلاء، عدالتی افسران اور ریاستی حکومت کے وزراء موجود تھے۔
تقریب کے دوران تمام معزز شخصیات نے نو مقرر چیف جسٹس کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس مہیش شرد چندر سونک کے عہدے کی میعاد 28 نومبر 2026 تک ہے۔ ان کا تبادلہ بامبے ہائی کورٹ سے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کیا گیا ہے۔ جسٹس مہیش شرد چندر سونک کو اکتوبر 1988 میں مہاراشٹر اور گوا بار کونسل میں بطور وکیل رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔
انہوں نے بامبے ہائی کورٹ کی پنجی بنچ میں طویل عرصے تک سول اور آئینی قانون، لیبر اور سروس کے قوانین، ماحولیاتی قانون، تجارتی و ٹیکس قانون، کمپنی قانون اور مفادِ عامہ کی عرضیوں کے شعبے میں خدمات انجام دیں ۔
اپنے کریئر کے دوران وہ مرکزی حکومت کے لیے ایڈیشنل اسٹینڈنگ کونسل نیزریاستی حکومت کے لیے خصوصی وکیل کی حیثیت سے بر سر کار رہےاور مختلف کارپوریشنوں کو قانونی خدمات فراہم کیں۔ ان کی قانونی مہارت اور تجربے کے مدنظر 21 جون 2013 کو انہیں بامبے ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا۔
جسٹس سونک کی پیدائش 28 نومبر 1964 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم گوا کے پنجی میں واقع ڈان بوسکو ہائی اسکول سے حاصل کی۔
اس کے بعد انہوں نے دھیمپے کالج آف آرٹس اینڈ سائنس سے بی ایس سی اور ایم ایس کالج آف لا، پنجی سے فرسٹ کلاس میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے زیویئر سینٹر آف ہسٹوریکل ریسرچ سے پرتگالی زبان میں ڈپلوما بھی کیا۔