یوم خواتین کے موقع پر کے چندر شیکھر راو اور کے ٹی راما راو کی مبارکباد
اتوار کے روز اپنے پیام میں سابق وزیر اعلیٰ نے خواتین کو سماجی دولت کی خالق قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاندان، سماج اور ملک کی ترقی کے لئے ان کی شراکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی زندگی کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری نبھانے والی خواتین تمام شعبوں میں بہتر مواقع کی مستحق ہیں۔
حیدرآباد: بی آرایس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین سماج اور ملک کی تعمیر و ترقی میں برابر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اتوار کے روز اپنے پیام میں سابق وزیر اعلیٰ نے خواتین کو سماجی دولت کی خالق قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاندان، سماج اور ملک کی ترقی کے لئے ان کی شراکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی زندگی کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری نبھانے والی خواتین تمام شعبوں میں بہتر مواقع کی مستحق ہیں۔
کے سی آر نے تلنگانہ کی تحریک آزادی اور ریاست کی تشکیل کے بعد اس کی ترقی میں خواتین کے کلیدی کردار کی ستائش کی۔
انہوں نے بی آر ایس کے دس سالہ دورِ اقتدار میں خواتین کی بہبود اور بااختیار بنانے کے لئے نافذ کئے گئے پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کو خواتین کو مضبوط بنانے کے لئے مسلسل کام کرتے رہنا چاہیے۔
اسی موقع پر بی آر ایس کے کارگزارصدر کے ٹی راما راؤ نے بھی خواتین کے احترام پر زور دیتے ہوئے ریمارک کیا کہ جس دن ہم یہ قبول کر لیں گے کہ خواتین برابر کی انسان ہیں اور وہ بھی ہم سب کی طرح عزت و وقار کی مستحق ہیں، تو یہ دنیا یقیناً ایک بہتر جگہ بن جائے گی۔
انہوں نے ہر مرد سے اپیل کی کہ وہ ایک بہتر انسان بننے کا عہد کریں تاکہ خواتین کو بنیادی حقوق کے لئے لڑنا نہ پڑے ۔انہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا کہ خواتین مزید مضبوط ہوں اور زندگی کے ہر میدان میں کامیاب رہیں۔