کالیشورم پروجیکٹ، ناقص تعمیرات پر سی بی آئی تحقیقات متوقع: سابق ڈائرکٹر ناگیشو رراؤ
سابق سی بی آئی ڈائرکٹر ناگیشور راؤ نے کہا کہ کالیشورم پروجیکٹ کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے کیلئے سی بی آئی تحقیقات کرسکتی ہے۔

حیدرآباد: سابق سی بی آئی ڈائرکٹر ناگیشور راؤ نے کہا کہ کالیشورم پروجیکٹ کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے کیلئے سی بی آئی تحقیقات کرسکتی ہے۔
اس کام کیلئے حکومت تلنگانہ سے اجازت حاصل کرنا ضروری نہیں ہے۔ آج مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی کی جانب سے دیا گیا بیان کہ اگر حکومت تلنگانہ اجازت دے تو اندرون دو گھنٹے کالیشورم پروجیکٹ کے متعلق سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات انجام دی جائے گی، پر تبصرہ کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے متعلق تحقیقات کیلئے سی بی آئی کو کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
صرف مرکزی محکمہ جل شکتی کو تحقیقات کرانے کیلئے احکامات جاری کرنے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کاکیشورم پروجیکٹ کی تعمیر کیلئے مرکز کی 10ایجنسیوں کی جانب سے منظوری دی گئی تھی۔ اس لئے مرکزی حکومت ہی اس کی تحقیقات کا حکم دینے کی مجاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسداد رشوت ستانی کے دفعہ17کے تحت مرکزی محکمہ جل شکتی، سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کراسکتی ہے۔ اس لئے کالیشورم پروجیکٹ کی تحقیقات کیلئے حکومت تلنگانہ سے اجازت حاصل کرنا ضروری نہیں ہے۔
اگر سی بی آئی تحقیقات کے دوران ریاستی حکومت کے عہدیدار ملوث پائے جاتے ہیں تواُس وقت انسداد رشوت ستانی کے سکشن19 کے مطابق ان کے خلاف تحقیقاتی عمل میں ریاستی حکومت سے اجازت حاصل کرنا ہوگا۔