کرناٹک: عہدہ چیف منسٹر کیلئے لنگایتوں کا اور ڈپٹی چیف منسٹر کیلئے مسلمانوں کا مطالبہ
پارٹی صدر کے نام مکتوب میں مہا سبھا نے کہا کہ اس کے مطالبہ پر غور کیا جانا چاہئے کیونکہ کانگریس کے نومنتخبہ ارکان ِ اسمبلی میں 34 لنگایت ہیں۔ کانگریس نے 46 لنگایت امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا جن میں 34 منتخب ہوئے۔
بنگلورو: کرناٹک کے نئے چیف منسٹر کے لئے رسہ کشی تیز ہوگئی ہے ایسے میں آل انڈیا ویراشیوا مہاسبھا نے کانگریس ہائی کمانڈ کو لکھا ہے کہ چیف منسٹری کا عہدہ لنگایتوں کو دیا جائے۔
پارٹی صدر کے نام مکتوب میں مہا سبھا نے کہا کہ اس کے مطالبہ پر غور کیا جانا چاہئے کیونکہ کانگریس کے نومنتخبہ ارکان ِ اسمبلی میں 34 لنگایت ہیں۔ کانگریس نے 46 لنگایت امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا جن میں 34 منتخب ہوئے۔
مکتوب میں لکھا گیا کہ دیگر 50 نشستوں میں کانگریس ارکان ِ اسمبلی کو منتخب کرانے میں لنگایتوں کو بڑا رول رہا ہے۔ لنگایتوں نے اپنی وفاداری بدلی اور بی جے پی کو چھوڑکر کانگریس کا ساتھ دیا۔
اسی دوران دیگر برادریاں بھی سامنے آگئیں اور اپنے قائدین کے لئے ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کا مطالبہ کرنے لگیں۔ بیلگاوی نارتھ کے رکن اسمبلی آصف سیٹھ نے مطالبہ کیا کہ کارگزار صدر کرناٹک پردیش کانگریس ستیش جرکی ہولی کو ڈپٹی چیف منسٹر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کرناٹک میں ستیش جرکی ہولی واحد قائد ہیں۔ انہیں یہ عہدہ ملنا چاہئے۔ سینئر قائد بی زیڈ ضمیر احمد خان کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کا معاملہ پارٹی کی صوابدید پر چھوڑدیا جائے۔ اسی دوران سینئر کانگریس قائد رام لنگاریڈی کے حامیوں نے مطالبہ کیا کہ رام لنگاریڈی کو ڈپٹی چیف منسٹری دی جائے۔
کرناٹک ریڈی جن سنگھ کے ڈائرکٹر نے نشاندہی کی کہ رام لنگاریڈی سینئر ترین ریڈی قائد ہیں۔ وہ شیوکمار اور سدارامیا سے زائد مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔ وہ ڈپٹی چیف منسٹری کے حقدار ہیں۔ یدی یورپا نے اپنے دورہ ئ چیف منسٹری میں 3 ریڈیوں کو وزیر بنایا تھا۔ یدی یورپا کے جانے کے بعد ریڈیوں کو صرف ایک کابینی وزارت دی گئی جس کی قیمت بی جے پی کو چکانی پڑی۔
رام لنگاریڈی کو ڈپٹی چیف منسٹر اور 2 ریڈیوں کو وزیر بنایا جائے۔ مسلمانوں نے ضلع کوپل کے گنگاوتی میں احتجاج کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی چیف منسٹری کا عہدہ ضمیر احمد خان کو دیا جائے۔