کشمیر، ملک کا تاج، ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کردی جائیں گی: وزیراعظم مودی
وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے دن کہا کہ کشمیر‘ ملک کا تاج ہے اور ان کی خواہش ہے کہ یہ تاج آئندہ دنوں میں مزید چمکے۔ وزیراعظم نے سونامرگ ٹنل (سرنگ) کے افتتاح کے بعد یہ بات کہی۔
سونامرگ: وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے دن کہا کہ کشمیر‘ ملک کا تاج ہے اور ان کی خواہش ہے کہ یہ تاج آئندہ دنوں میں مزید چمکے۔ وزیراعظم نے سونامرگ ٹنل (سرنگ) کے افتتاح کے بعد یہ بات کہی۔
انہوں نے اپنی تقریر سونامرگ ٹنل پراجکٹ کو ممکن بنانے کے لئے کڑی محنت کرنے والے ورکرس کی تعریف سے شروع کی۔ انہوں نے اس ٹنل کی تعمیر کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے سیویلین ورکرس کو خراج ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گگن گیر ورکرس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملہ کے باوجود ایک بھی ورکر نے گھر جانا نہیں چاہا۔
کشمیر‘ ملک کا تاج ہے اور میری خواہش ہے کہ یہ مزید چمکے۔ اس کوشش میں جموں وکشمیر کے عوام میرا ساتھ دے رہے ہیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے خوابوں کی تکمیل میں حائل کوئی بھی رکاوٹ دور کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 دن قبل چیف منسٹر عمر عبداللہ نے سرنگ کے اطراف کی بعض تصاویر اور ویڈیوز اَپ لوڈ کی تھیں جنہیں دیکھنے کے بعد میری بے قراری بڑھ گئی تھی۔
بی جے پی ورکر کی حیثیت سے میں سونامرگ‘ گلمرگ‘ گاندربل اور بارہمولہ میں کافی وقت گزار چکا ہوں۔ اُن دنوں بھی یہاں بھاری برفباری ہوتی تھی لیکن جموں وکشمیر کے عوام کی گرمجوشی آپ کو سردی کا احساس ہونے نہیں دیتی۔ کشمیر میں اِن دنوں شدت کی سردی کا 40 روزہ ”چلہ کلاں“ جاری ہے۔ عمر عبداللہ کے ریاستی درجہ کے مطالبہ پر وزیراعظم نے کہا کہ مودی ہمیشہ اپنا وعدہ وفا کرتا ہے۔ ہر وعدہ صحیح وقت پر وفا کیا جائے گا۔
ہر فیصلہ کا ایک وقت ہوتا ہے۔ وادی کو عنقریب ریلویز سے جوڑدیا جائے گا۔نئی سڑکیں‘ نئے کالج بنیں گے۔ یہ نیا کشمیر ہوگا جس کی ہم بات کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جموں اینڈ کشمیر بینک کا کاروبار 2 لاکھ 30 کروڑ سے زائد ہوچکا ہے۔ جموں وکشمیر کا تاریک ماضی اب خوشحالی اور ترقی کے مستقبل میں بدل چکا ہے۔ وزیراعظم کے خطاب سے قبل مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے ریالی سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ خودمکتفی ملک کے لئے ہمیں سڑکوں کی کنیکٹیویٹی اور انفرااسٹرکچر ترقی یقینی بنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جان ایف کینیڈی نے کہا تھا کہ امریکہ کی سڑکیں امریکہ کے امیر ہونے کی وجہ سے اچھی نہیں ہیں بلکہامریکہ اس لئے امیر ہے کہ اس کی سڑکیں اچھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6.7 کیلو میٹر طویل 2700 کروڑ کی سونامرگ ٹنل مکمل کرنے کے بعد ہم 6800 کروڑ کی زوجیلا ٹنل بھی مکمل کررہے ہیں۔ گڈکری نے یہ بھی بتایا کہ ایک سال میں دہلی تا سری نگر کی مسافت 7 تا 8 گھنٹوں میں طئے کی جاسکے گی۔