عثمانیہ یونیورسٹی کے بارے میں جھوٹ پھیلانے کی کوشش، ریونت ریڈی کا کے سی آر پرالزام
ریونت ریڈی نے کہاکہ چندرشیکھرراو کی بدحالی اپنی انتہا پر ہے۔ریاست میں کانگریس کے برسراقتدارآتے ہی انہوں نے یونیورسٹی کے دیوالیہ ہونے کے بارے میں مہم شروع کردی تھی۔
حیدرآباد: وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلی و بی آرایس کے سربراہ کے چندرشیکھرراو عثمانیہ یونیورسٹی کے تعلق سے جھوٹ پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ایکس پر سرگرم ریونت ریڈی نے کہاکہ دو دن پہلے سوریاپیٹ، کل محبوب نگر میں اورآج بھی چندرشیکھرراونے عثمانیہ یونیورسٹی کے تعلق سے جھوٹ پھیلانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی میں پانی اور بجلی کی کمی پر ہاسٹلس اور میس کو بند کردینے پر کے چندرشیکھرراو کی جانب سے حکومت پر نکتہ چینی پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2023 میں بھی، جب چندرشیکھرراو وزیراعلی تھے تویونیورسٹی کے چیف وارڈن نے گرمیوں کی تعطیلات کے سلسلے میں ایک ماہ کے لیے ہاسٹلس اور میس کو بند کرنے کے متعلق اسی طرح کی نوٹس جاری کی تھی۔
ریونت ریڈی نے اُس وقت کے چیف وارڈن کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس کو بھی پوسٹ کیا اور کہا کہ اس میں بجلی اور پانی کی قلت کا بھی ذکر کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ چندرشیکھرراو کی بدحالی اپنی انتہا پر ہے۔ریاست میں کانگریس کے برسراقتدارآتے ہی انہوں نے یونیورسٹی کے دیوالیہ ہونے کے بارے میں مہم شروع کردی تھی۔