کے سی آر نے پرگتی بھون میں قومی پرچم لہرایا
چیف منسٹر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے باوقارپدما ایوارڈس کے لئے منتخب ملک کی مختلف ریاستوں بشمول دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کی اہم شخصیات کو مبارکباد پیش کی۔

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراو نے کیمپ آفس پرگتی بھون میں قومی پرچم لہرایا۔انہوں نے اس موقع پر گاندھی جی اوربی آرامبیڈکر کے پورٹریٹس پر پھول نچھاور کئے۔ساتھ ہی انہوں نے ملک کی تعمیر کے لئے ان کی خدمات کو بھی یاد کیا۔
اس موقع پر ریاستی وزرا ستیہ وتی راتھوڑ، سی ایچ ملاریڈی، ارکان کونسل پلاراجیشور، ایس مدھوسدن چاری، چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈی جی پی انجنی کمار اور دیگر عوامی منتخب نمائندے موجود تھے۔
چیف منسٹر نے بعد ازاں سکندرآبادکے پریڈ گراونڈس پر یادگار پر پھول چڑھائے۔ چیف منسٹر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے باوقارپدما ایوارڈس کے لئے منتخب ملک کی مختلف ریاستوں بشمول دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کی اہم شخصیات کو مبارکباد پیش کی۔
اپنے بیان میں وزیراعلی نے کہا کہ سنجیدگی اورذمہ داری کے ساتھ منتخب شعبہ جات میں عظیم ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے معیاری سمت سماج کی قیادت کرنے میں پدماایوارڈ یافتگان کا رول انمول ہے۔
انہوں نے تجویز پیش کی متعلقہ شعبہ جات کے ذریعہ ملک کے لئے ان کارول مستقبل کی نسلوں کے لئے رہنمائی والی طاقت بنے گا۔انہوں نے نوجوانوں پر زوردیا کہ ان شخصیات کو رول ماڈل بنائیں تاکہ زندگی میں کامیابی حاصل ہوسکے۔