کے سی آر کا مجوزہ دورہ امریکہ
گزشتہ اسمبلی انتخابات کے بعد بی آر ایس کو شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے کے سی آر اپنے فارم ہاؤس تک محدود ہیں۔دوسری طرف عوامی مسائل پر ریونت ریڈی حکومت کے خلاف لڑائی صرف سابق وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ ہی لڑ رہے ہیں۔
حیدرآباد: بی آر ایس لیڈر اور سابق چیف منسٹر کے سی آر امریکہ کے دورہ پر روانہ ہونے والے ہیں۔ یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ کے سی آر نے تحریک کے دوران اور اپنے دس سالہ دور اقتدار میں کبھی بھی امریکہ کا دورہ نہیں کیا۔اب کے سی آر کے دورہ امریکہ میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ ان کے غیر ملکی دورے کو لے کر پارٹی کیڈر کے اندر بھی کافی چرچہ ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ان کے دورے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔ کے سی آر کے رشتہ داروں اور کے ٹی آر کے اہل خانہ نے ابھی تک کے سی آر کے دورے کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن پارٹی حلقوں میں اس کا زبردست چرچہ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ کے سی آر تقریباً دو ماہ تک امریکہ میں قیام کریں گے۔
گزشتہ اسمبلی انتخابات کے بعد بی آر ایس کو شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے کے سی آر اپنے فارم ہاؤس تک محدود ہیں۔دوسری طرف عوامی مسائل پر ریونت ریڈی حکومت کے خلاف لڑائی صرف سابق وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ ہی لڑ رہے ہیں۔
دوسری طرف، کے سی آر اپنے فارم ہاؤس سے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دے رہے ہیں۔ پارٹی قائدین کے مطابق کے سی آر آئندہ سال فروری سے عوام میں آئیں گے۔ ایسے وقت میں خبر آ رہی ہے کہ کے سی آر امریکہ کا سفر کرنے جا رہے ہیں۔
اور اگر وہ امریکہ جائیں گے تو وہ دو ماہ تک قیام کریں گے۔ کے سی آر کا امریکہ کا سفر کب شروع ہوگا‘ یہ طے نہیں ہے۔ دوسری طرف کے ٹی آر کے بیٹے ہمانشو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں یہ کہا جا رہا ہے کہ کے سی آر نے اپنے پوتے کے ساتھ کچھ دن گزارنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے وہ امریکہ کا سفر کررہے ہیں۔