خوبصورتی کے نام پر خطرناک کھیل؟ 17 سالہ لڑکی گردوں کی بیماری میں مبتلا
کیرالا میں 17 سالہ لڑکی نے انسٹاگرام انفلوئنسرز کے اشتہار سے متاثر ہوکر چہرے کی کریم خریدی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق کریم میں پارے کی مقدار مقررہ حد سے ہزاروں گنا زیادہ پائی گئی، جس کے بعد لڑکی گردوں کی سنگین بیماری میں مبتلا ہوگئی۔
ملاپورم: کیرالا میں چہرے کو گورا کرنے والی کریم کے استعمال کے بعد 17 سالہ لڑکی گردوں کی سنگین بیماری میں مبتلا ہوگئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق کریم میں پارے (Mercury) کی خطرناک مقدار پائی گئی، جس سے لڑکی کے گردے متاثر ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ملاپورم کی رہنے والی لڑکی نے انسٹاگرام پر سوشل میڈیا انفلوئنسرس کی جانب سے چہرے کی کریم کے اشتہارات دیکھے تھے۔ ان ویڈیوز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کریم کے استعمال سے چہرے کے دانے، داغ دھبے اور جلد کی رنگت سے متعلق مسائل دور ہوجاتے ہیں۔
لڑکی نے انسٹاگرام پر دئے گئے واٹس ایپ نمبر کے ذریعہ فروخت کرنے والوں سے رابطہ کیا اور کریم منگوائی۔ ابتدا میں اسے کریم کا استعمال فائدہ مند محسوس ہوا جس کے بعد اس نے ایک سال کے دوران کئی مرتبہ مزید کریم منگوائی۔
تاہم کچھ عرصہ بعد اس کی طبیعت خراب ہونے لگی۔ اسے بلڈ پریشر میں اچانک کمی، بے ہوشی اور پیروں میں سوجن کی شکایت ہونے لگی۔ سوجن کی وجہ سے اسے چلنے پھرنے اور سیڑھیاں چڑھنے میں بھی دشواری پیش آنے لگی۔ اس کے بعد افراد خاندان اسے ملاپورم کے ایسٹر ایم آئی ایم ایس مدر ہاسپٹل لے گئے۔
ہاسپٹل کی ماہر امراض گردہ ڈاکٹر گوری ایس، کے مطابق تفصیلی طبی جانچ میں لڑکی کے خون اور جسم میں پارے کی خطرناک مقدار پائی گئی۔ لڑکی میں گردوں کی ایک سنگین بیماری ’میمبرینس نیفروپیتھی‘ (Membranous Nephropathy) کی تشخیص ہوئی ہے۔
ان کے مطابق کریم میں موجود پارے کو لڑکی کی گردوں کی بیماری کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر گوری نے لوگوں کو خبردار کیا کہ چہرے کو فوری گورا کرنے یا جلد کے داغ دھبے جلد ختم کرنے کے دعوے کرنے والی کریموں کے اشتہارات سے متاثر ہوکر ایسی مصنوعات استعمال نہ کریں۔ جلد سے متعلق مسائل ہونے پر سوشل میڈیا کے مشوروں کے بجائے ماہر جلد سے رجوع کریں۔
لڑکی نے بتایا کہ اس نے اپنی صحت سے متعلق مسائل کے بارے میں کریم فروخت کرنے والی کمپنی کو بھی اطلاع دی، لیکن ابتدا میں جواب دینے کے بعد کمپنی نے اس کے پیغامات کا جواب دینا بند کردیا۔
متاثرہ لڑکی کے افراد خاندان نے کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم قانونی کارروائی کے پیش نظر کریم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔