نیویارک کے ٹائمس اسکوائر پر خالصتانیوں کا احتجاج
خالصتان حامیوں کی بڑی تعداد نے یہاں کے مشہور ٹائمس اسکوائر پر احتجاج کیا۔ ان کا یہ احتجاج مفرور کٹر مبلغ امرت پال سنگھ کی تائید میں تھا۔
نیویارک: خالصتان حامیوں کی بڑی تعداد نے یہاں کے مشہور ٹائمس اسکوائر پر احتجاج کیا۔ ان کا یہ احتجاج مفرور کٹر مبلغ امرت پال سنگھ کی تائید میں تھا۔
احتجاجیوں نے کار ریالی نکالی جو بابا مکھن شاہ لبانہ سکھ سنٹر رِچمنڈ ہل سے شروع ہوئی اور مین ہیٹن سٹی کے ٹائمس اسکوائر پہنچ کر ختم ہوئی۔ اتوار کی دوپہر کڑی سیکوریٹی میں یہ ریالی نکالی گئی تھی۔ کئی کاروں پر خالصتانی پرچم لگے تھے۔
اونچی آواز میں موسیقی بج رہی تھی اور کاروں کے ہارن بھی بجائے جارہے تھے۔ ایل ای ڈی موبائل بل بورڈ والے ٹرکس میں امرت پال سنگھ کی تصاویر لگی تھیں۔ ٹائمس اسکوائر پر جو نیویارک کا مشہور مقام ہے مرد‘ عورتیں اور بچے بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ ان لوگوں نے خالصتانی پرچم تھام رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے۔ پلے کارڈس پر امرت پال سنگھ کو رہا کرو لکھا تھا۔
مظاہرین ہندوستان کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ ٹائمس اسکوائر پر لگے بل بورڈس میں ایک پر امرت پال سنگھ تصویر ڈسپلے ہورہی تھی۔ علاقہ میں بھاری پولیس فورس تعینات تھی۔ نیویارک سٹی پولیس ڈپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) کی کئی ویان اورکاریں گشت کررہی تھیں۔
ایک دن قبل (ہفتہ کو) واشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانہ کے سامنے خالصتان نواز اکٹھا ہوئے تھے۔
کئی مقررین نے لوگوں کو تشدد کے لئے اُکسانے کی کوشش کی لیکن چوکس امریکی سیکریٹ سروس اور مقامی پولیس کی بروقت مداخلت نے لندن اور سان فرانسسکو کے واقعات کا اعادہ ہونے نہیں دیا۔ لندن اور سان فرانسسکو میں ہندوستانی سفارتی مشنس میں توڑپھوڑ ہوئی تھی۔