شوہر کو کھونے کے غم میں ماں کا ظالمانہ فیصلہ… کھمم میں سانحہ
شوہر کی موت کے بعد شدید ذہنی صدمے سے دوچار خاتون کا مبینہ انتہائی اقدام، چھوٹے بیٹے نے بھی دم توڑ دیا، بڑا بیٹا حیدرآباد میں زیر علاج

کھمم: تلنگانہ کے ضلع کھمم میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر کی موت کے بعد شدید ذہنی صدمے سے دوچار ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے دو بچوں کو زہریلی شے دے کر خود بھی اس کا استعمال کرلیا۔ اس واقعہ میں خاتون اور اس کے چھوٹے بیٹے کی موت ہوگئی، جبکہ بڑا بیٹا اسپتال میں زیر علاج ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کھمم کے کونیرلا منڈل میں لالاپورم کی رہائشی شیخ رنجنا بی (29) اپنے شوہر کی تین ماہ قبل ہونے والی موت کے بعد شدید صدمے اور غم میں مبتلا تھیں۔اسی دوران مبینہ طور پر 19 نومبر کو اس نے اپنے دونوں بیٹوں کو زہریلی شے دے کر خود بھی اس کا استعمال کرلیا۔
دو دن بعد بچوں کو قے ہونے لگی اور خاتون کی طبیعت بھی بگڑ گئی۔ اہل خانہ نے تینوں کو کھمم کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا۔ بچوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں بہتر علاج کے لیے حیدرآباد کے ہاسپٹل لے جایا گیا۔
تاہم منگل کی دوپہر چھوٹے بیٹے کی موت ہوگئی، جبکہ اسی رات رنجنا بی نے بھی کھمم کے ہاسپٹل میں دم توڑ دیا۔ بڑے بیٹے کا حیدرآباد میں علاج جاری ہے۔
متوفیہ کے رشتہ دار کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس واقعہ کی تمام تفصیلات کی جانچ کررہی ہے۔