اجین میں مذہبی مقامات کا انہدام غیر دستوری: مسلم پرسنل لا بورڈ
مدھیہ پردیش کے اجین میں 2028 کے سمستھا مہا پرو کی تیاریوں کے نام پر مسجد قلندری، 636 سال قدیم شاہی مقبرہ اور 12 سے زائد مزارات منہدم کیے جانے پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مذمت، کارروائی کو غیر قانونی اور غیر دستوری قرار دیا۔
نئی دہلی (پریس ریلیز)آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 2028 میں منعقد ہونے والے سمستھا مہا پرو (مہا کمبھ) کے انتظامات کے نام پر قدیم اور تاریخی شاہی مقبرہ، مسجد قلندری، 12 سے زائد مساجد و مزارات اور دیگر املاک کو منہدم کیے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بورڈ نے اس کارروائی کو غیر قانونی، غیر منصفانہ اور آئین ہند کے بنیادی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔بورڈ کے قومی ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اس کارروائی پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 2028 کے مہا کمبھ کے لیے انتظامات کے نام پر تاریخی مذہبی مقامات اور قدیم عمارتوں کو مسمار کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
اطلاعات کے مطابق 21 نومبر کو علی الصبح تقریباً پانچ بجے ریلوے انتظامیہ نے بھاری پولیس نفری اور پیرا ملٹری فورسز کی موجودگی میں مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر واقع شاہی مقبرہ، مسجد قلندری،12 سے زائد مزارات اور دیگر املاک کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کر دیا۔ یہ کارروائی نہایت عجلت میں اور قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے انجام دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے مسجد قلندری، شاہی مقبرہ، متعدد مزارات اور متولی کی رہائش گاہ کو بھی منہدم کر دیا۔ وقف کمیٹی کے صدر قاضی مولانا عارف ندوی کے مطابق، مذکورہ اراضی سے متعلق معاملہ تا حال بھوپال وقف ٹربیونل میں زیر سماعت ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک شخص کو فرضی کرایہ دار قرار دے کر اس کارروائی کی راہ ہموار کی گئی اور علی الصبح انہدامی آپریشن انجام دیا گیا۔
جب معاملہ متعلقہ ٹربیونل میں زیر التوا تھا، تو قانونی فیصلے سے قبل اس نوعیت کی کارروائی کرنا انصاف کے مسلمہ اصولوں کے منافی ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں متعدد قدیم اور تاریخی ورثے کی حامل عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ قاضی مولانا عارف ندوی اور مقامی ذمہ داران کے عدالت سے رجوع کرنے کے فیصلے کی مکمل تائید کرتا ہے اور متاثرہ کمیٹی کو ہر ممکن قانونی اور اخلاقی تعاون فراہم کرے گا۔ مسجد کمیٹی کے مطابق، مسجد کی تاریخ تقریباً 636 سال پرانی ہے اور اسے 1390ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔
انتظامیہ اگر بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور دیگر انتظامات کرنا چاہتی تھی تو اس کے لیے متبادل راستے اختیار کیے جا سکتے تھے لیکن تاریخی اور مذہبی عمارتوں کو منہدم کرنے کا راستہ اختیار کرنا نا قابل فہم ہے۔