قومی

13 کروڑ ووٹروں کے نام حذف، جمہوریت پر سنگین سوالات

ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے اپنی 95 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں الزام لگایا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران انسانی حقوق اور جمہوری آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائم اداروں کو منظم انداز میں کمزور کیا، قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچایا اور ہندو اکثریت پسندی کو فروغ دیا ہے۔

نئی دہلی: ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے اپنی 95 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں الزام لگایا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران انسانی حقوق اور جمہوری آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائم اداروں کو منظم انداز میں کمزور کیا، قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچایا اور ہندو اکثریت پسندی کو فروغ دیا ہے۔

رپورٹ میں اس طرزِ حکمرانی کو آمرانہ رجحان سے تعبیر کیا گیا ہے۔رپورٹ، جس کا عنوان ”آخر ہم کس جمہوریت کی بات کر رہے ہیں؟ ہندوستان میں مودی کا آمرانہ طرزِ حکمرانی“ ہے، 40 سے زائد وکلا، صحافیوں، کارکنوں، ماہرینِ تعلیم، ججوں اور سابق سرکاری عہدیداروں کے انٹرویوز پر مبنی ہے۔

اس میں پارلیمنٹ کو نظرانداز کرنے، تحقیقاتی ایجنسیوں کے سیاسی استعمال، آئینی اداروں کو کمزور کرنے اور عدلیہ کی ناکامیوں کو جمہوری زوال کے اہم اسباب قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق 2014-19 کے دوران صرف 28 فیصد بل پارلیمانی کمیٹیوں کو بھیجے گئے، جب کہ 2019-24 میں یہ شرح گھٹ کر 16 فیصد رہ گئی۔

حکومت نے اپوزیشن کے 146 ارکانِ پارلیمنٹ کو معطل کرنے کے دوران الیکشن کمشنروں کی تقرری سے متعلق قانون بھی منظور کیا، جس سے انتظامیہ کا اختیار بڑھا۔ منی بلز کے ذریعے بھی ایسے قوانین منظور کیے گئے جن سے ای ڈی کے اختیارات میں اضافہ ہوا۔

ہیومن رائٹس واچ نے انتخابی عمل اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں، نفرت انگیز تقاریر اور ووٹنگ سے متعلق بے ضابطگیوں پر حکمراں جماعت کے رہنماؤں کو جواب دہ بنانے میں کمیشن ناکام رہا ہے۔