Uncategorized

پانچ سال پرانے مقدمہ میں بڑا فیصلہ، سنجے سنگھ کو ملی راحت

سلطان پور کی عدالت نے انتخابی ضابطہ اخلاق اور کووڈ پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزی کے مقدمے میں ناکافی شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سنایا

نئی دہلی(پی ٹی آئی) اترپردیش کے سلطان پور کی ایک عدالت نے عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ سمیت تمام ملزمین کو پانچ سال پرانے مقدمے میں بری کردیا۔

عدالت نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر یہ فیصلہ سنایا۔ معاملہ 2021 کے پنچایت انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق اور کووڈ-19 پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق تھا۔

پولیس کے مطابق، 13 اپریل 2021 کو ضلع سلطان پور کے حسن پور گاؤں میں ضلع پنچایت رکن کی امیدوار سلمیٰ بیگم کی حمایت میں بغیر انتظامی اجازت ایک جلسہ منعقد کیا گیا تھا، جس میں تقریباً 50 سے 60 افراد شریک ہوئے تھے۔

پولیس نے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق اور کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سنجے سنگھ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کی تھی۔

طویل سماعت کے دوران ایک ملزم کی موت ہوگئی، تاہم دیگر کے خلاف کارروائی جاری رہی۔ سنجے سنگھ کے وکیل مدن سنگھ کے مطابق، عدالت نے دونوں فریقوں کے دلائل اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد تمام ملزمین کو بری کردیا۔

فیصلے کے بعد سنجے سنگھ نے کہا کہ پانچ سال تک قانونی لڑائی لڑنے کے بعد حقائق اور شواہد کی بنیاد پر انہیں اور ان کے ساتھیوں کو انصاف ملا ہے۔ انہوں نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔