حیدرآباد

کھرگے کو چیف منسٹر کے نام کو قطعیت دینے کااختیار

تلنگانہ میں نو منتخب کانگریس ایم ایل ایز (ارکان اسمبلی) نے پیر کے روز پارٹی کے کل ہند صدر ملکارجن کھرکے کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) قائد کے نام کو قطعیت دینے کااختیار دیاہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں نو منتخب کانگریس ایم ایل ایز (ارکان اسمبلی) نے پیر کے روز پارٹی کے کل ہند صدر ملکارجن کھرکے کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) قائد کے نام کو قطعیت دینے کااختیار دیاہے۔

متعلقہ خبریں
کھر گے کانگریس کاانتخابی منشور جاری کریں گے
پارلیمنٹ کامپلکس میں مجسموں کی منتقلی پر اعتراض، اسپیکر لوک سبھا کے نام ملیکارجن کھرگےکا مکتوب
حکومت NEET امتحان میں دھاندلی کی جامع تحقیقات کرے: کھڑگے-پرینکا
انتخابی مہم میں مودی نے 421 مرتبہ مندر۔مسجد کا ذکر کیا : کھرگے (ویڈیو)
کھرگے پر نازیبا تبصرہ، کارروائی کی جائے گی:کانگریس

شہر میں آج ایک ہوٹل میں منعقدہ سی ایل پی اجلاس میں پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی نے بہ اتفاق آرا ایک قرار داد منظور کی جس میں کھرگے کو سی ایل پی قائد منتخب کرنے کا مجاز بنایاہے۔

کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر و کل ہند کانگریس کے مبصر ڈی کے شیوکمار نے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ پارٹی کے تمام نو منتخب ایم ایل ایز نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کرتے ہوئے اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ سی ایل پی قائد کے نام پر مہر ثبت کریں۔ انہوں نے کہاکہ وہ منظورہ اس قرار داد کو کھرگے کے پاس روانہ کریں گے۔

اس قرار داد کو صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے پیش کیاتھاجس کی تائید ملوبھٹی وکرامارکہ‘ اتم کمار ریڈی‘ دامودر راج نرسمہا‘ سریدھر بابو اور دیگر نے کی۔ ایم ایل ایز کایہ اختیار نامہ کھرگے کے پاس روانہ کیاجائے گا۔

شیو کمار نے مزید کہاکہ تمام نو منتخب ایم ایل ایز نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کے فیصلہ کا احترام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ تمام ارکان مقننہ سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کریں گے۔ ہم عملی ہیں۔ ہم آپ کو مطلع کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ سی ایل پی نے تلنگانہ عوام سے اظہار تشکر کیا ہے کہ اس نے بہتر حکمرانی کے لیے کانگریس کو منتخب کیا ہے اور پارٹی کو موقع فراہم کیا ہے۔ اجلاس میں پارٹی صدر کھرگے‘ سونیاگاندھی‘ راہول گاندھی‘ پرینکا گاندھی اور کانگریس کے تمام سینئر قائدین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریاست میں کامیابی کے لیے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔

شہر کے گچی باولی کے ایلا ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں کانگریس کے تمام نو منتخب 64 ارکان اسمبلی شریک تھے۔ شیو کمار نے دیگر مبصرین دیپا داس منشی‘ ڈاکٹر اجے کمار‘ کے جی جارج‘ کے مرلیدھرن اور جنرل سکریٹری و پارٹی انچارج راؤ ٹھاکرے کے ساتھ شرکت کی۔

119 رکن اسمبلی کے لیے کانگریس کے 64 امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے اتوار کی رات ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سونداراجن سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں تشکیل حکومت کا دعویٰ کیا۔ اس وفد کی قیادت ٹھاکرے اور ریونت ریڈی نے کی اور پارٹی کے نو منتخب ایم ایل ایز کی فہرست بھی گورنر کے حوالہ کی۔

a3w
a3w