کھرگے نے آسام میں راہول گاندھی کی سکیورٹی کے سلسلہ میں وزیر داخلہ کو لکھا خط
کھڑگے نے اپنے خط میں 14 جنوری کو منی پور سے شروع ہونے والی بھارت جوڑو نیاے یاترا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مارچ ملک کے مختلف حصوں سے ہوتا ہوا ممبئی پہنچے گا۔ یاترا کا مقصد ملک کے لوگوں میں انصاف اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہے۔

نئی دہلی: کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر آسام میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی سکیورٹی کے سلسلے میں آگاہ کیا اور ان سے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی۔
کھڑگے نے اپنے خط میں 14 جنوری کو منی پور سے شروع ہونے والی بھارت جوڑو نیاے یاترا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مارچ ملک کے مختلف حصوں سے ہوتا ہوا ممبئی پہنچے گا۔ یاترا کا مقصد ملک کے لوگوں میں انصاف اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہے۔
آسام میں یاترا کے دوران درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "کئی مواقع پر، آسام پولس نے منصوبہ بند طریقے سے رکاوٹیں کھڑی کیں اور بی جے پی کے بے قابو کارکنوں کو گاندھی کے قریب پہنچنے دیا۔ سکیورٹی حصار توڑنے کے بہت سے شواہد ہونے کے باوجود کسی شرارتی عنصر کو گرفتار نہیں کیا گیا اور بہت سے معاملوں کی تفتیش ابھی تک شروع نہیں ہوئی۔
انہوں نے شاہ پر زور دیا کہ وہ چیف منسٹر ہمنت بسوا سرما اور پولس کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا کوئی واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ انہوں نے وزیر داخلہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور مسٹر گاندھی اور ان کی یاترا میں ان کے ساتھ آنے والے لوگوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں۔