ہندوستان،معاشی تباہی کے دہانہ پر کھڑاہے: راہول گاندھی
کولمبیا یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے قائد اپوزیشن نے دعویٰ کیا کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، مینوفیکچرنگ شعبہ کمزور ہوچکا ہے اور دولت چند بڑے کاروباری گروپوں تک محدود ہوتی جارہی ہے۔
نیویارک: قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے کہاکہ ہندوستان ”معاشی تباہی‘کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیروزگاری بڑے پیمانہ پر ہے‘ مینوفیکچرنگ بنیاد ٹوٹ چکی ہے اور نظام تعلیم کئی مسائل میں گھیرا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملک موجودہ معاشی راہ پر چلتارہاتو سنگین مسائل میں گھر جانے کا جوکھم موجود ہے۔ وہ منگل کے دن کولمبیاء یونیورسٹی نیویارک میں خطاب کررہے تھے۔ کانگریس قائد نے کہاکہ ہندوستان کامعاشی ماڈل تقریباً10 سال سے نتائج نہیں دے رہاہے۔ انہوں نے حکومت کی میک ان انڈیا اور اسٹارٹ اپ انڈیا جیسی پہل کو نشانہ تنقید بنایا۔
انہوں نے کہاکہ یہ اسکیمیں ملک کی ٹوٹی ہوئی معاشی ریڑھ کی ہڈی کو ٹھیک کرنے میں ناکام رہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان آج معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ملک میں آج بڑے پیمانہ پر بیروز گاری کا مسئلہ ہے۔ اس کا نظام تعلیم بھی بڑا مسئلہ بناہواہے۔ راہول گاندھی منگل کی صبح نیویارک پہنچے تھے وہ کولمبیا یونیورسٹی میں ہزاروں طلباء اور اساتذہ سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے دلیل دی کہ چھوٹے اور متوسط کاروبار اور زراعت ہندوستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں یہ روزگار پیدا کرنے کے لیے اہم ہیں۔ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ آپ خدمات کے ذریعہ زیادہ نوکریاں نہیں دے سکتے۔ آپ سرویسس کے ذریعہ ہر ایک کو اس کامستقبل نہیں دے سکتے۔ انہوں نے خانگی سرمایہ کاری نہ ہونے پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مٹھی بھر بڑے بزنس گروپ بشمول گوتم اڈانی اور مکیش امبانی پھیلتے جارہے ہیں جبکہ چھوٹے کاروباری اپنی بقاء کی جدوجہد کررہے ہیں۔کانگریس قائد نے پوچھا کہ ٹاٹا پر اڈانی کا عملاً کنٹرول کیوں ہوگیا۔ ملک کے بعض حصوں بشمول دہلی میں طلباء کے احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ مظاہرے اچانک نہیں ہوئے بلکہ یہ تقریباً10 سال سے سیاست اور معاشی طاقت کے ارتکاز کے خلاف مزاحمت کاوسیع تر پیٹرن تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں اختیارات مرکوز ہوتے جارہے ہیں۔
انہوں نے آدی واسیوں‘دلتوں اور کسانوں کے احتجاج کاحوالہ دیا اور کہاکہ سماج کے مختلف طبقات دولت اور طاقت کے ارتکاز کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں دولت چند ہاتھوں میں اکٹھا ہورہی ہے۔ فہرست رائے دہندگان سے لوگوں کے نام بڑی تعداد میں کاٹے جارہے ہیں۔ اقلیتوں‘دلتوں اور کسانوں پر حملے ہورہے ہیں۔
ہندوستانی طلباء اور بیرون ملک کام کرنے کے خواہشمندوں کے تعلق سے امریکی ایمگریشن پالیسیوں کے اثرات پر راہول گاندھی نے کہاکہ ہندوستان کے روزگار اور معیشت کے بڑے چیلنجس کے مقابلہ یہ نسبتاً چھوٹا مسئلہ ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ ہندوستان کی 30 فیصد آبادی بیرونی ملک جارہی ہے اور اسے وہاں نوکریاں مل رہی ہیں۔
ہندوستان کا مسئلہ بنیادی ہے۔ امریکہ کے حالیہ وسط مدتی الیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ ریپبلکن پارٹی کو فیول کے بڑھتے دام کی وجہ سے شکست ہوئی۔ واشنگٹن ایران کے ساتھ من مانی نہیں کرسکا۔ امریکہ اور یورپ میں نوجوان بیروز گاروں کی بڑھتی تعداد کے حوالے سے راہول گاندھی نے کہاکہ امریکہ‘جرمنی اور برطانیہ کو ہندوستان سے زیادہ سنگین معاشی دشواریوں کا سامناہے۔ ہمارا ملک معاشی دشواریوں کا ڈٹ کر سامنا کرسکتاہے میں اپنے ملک کے تعلق سے پرامید ہوں۔ میں پریشان ہوں کہ ہم وقت گنوا رہے ہیں۔