کویت سوئیڈش زبان میں قرآن پاک کے ایک لاکھ نسخے شائع کرے گا
وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو قرآن پاک کی طباعت اور اشاعت کا کام سونپ دیا۔کویت نے سوئیڈش زبان میں قرآن پاک شائع کرنے کا فیصلہ اسلامی رواداری اور اقدار و بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
کویت: سوئیڈن میں عیدالاضحیٰ پر قرآن پاک کی بے حرمتی پر پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے ایسے میں کویت نے سوئیڈش زبان میں قرآن پاک کے ایک لاکھ نسخے شائع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویت نے سوئیڈش زبان میں قرآن کریم کے ترجمے والے ایک لاکھ نسخوں کی طباعت اور اشاعت کا اعلان کر دیا ہے جنہیں سوئیڈن میں تقسیم کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق کویت کے وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو قرآن پاک کی طباعت اور اشاعت کا کام سونپ دیا۔کویت نے سوئیڈش زبان میں قرآن پاک شائع کرنے کا فیصلہ اسلامی رواداری اور اقدار و بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ پر جب پورا عالم اسلام خوشیاں منا رہا تھا ان لمحات میں ایک عراقی ملعون شہری نے قرآن پاک کی سوئیڈن میں مسجد کے سامنے بے حرمتی کرکے انہیں شدید رنج والم میں مبتلا کیا جس کے بعد سے پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔
عراقی حکومت مذکورہ ملعون شخص کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر چکی ہے اور گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے۔ پاکستان میں اس ناپاک عمل کے خلاف سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا گیا جب کہ اقوام متحدہ، عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سمیت غیر اسلامی ممالک اور تنظیموں کی جانب سے بھی اس مکروہ فعل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔