شمالی بھارت

لالوپرساد یادوکی بیٹی کے نتیش کمار کے خلاف توہین آمیز پوسٹس

پٹنہ میں چہارشنبہ کے روز ایک ریالی کے دوران نتیش کمار کی جانب سے خاندانی سیاست کا حوالہ دیئے جانے کے بعد لالو پرساد یادو کی دوسری بیٹی روہنی آچاریہ نے جمعرات کے روز ایکس پر 3 پوسٹ ڈالے جن میں چیف منسٹر بہار کو نشانہ بنایا گیا۔

پٹنہ: پٹنہ میں چہارشنبہ کے روز ایک ریالی کے دوران نتیش کمار کی جانب سے خاندانی سیاست کا حوالہ دیئے جانے کے بعد لالو پرساد یادو کی دوسری بیٹی روہنی آچاریہ نے جمعرات کے روز ایکس پر 3 پوسٹ ڈالے جن میں چیف منسٹر بہار کو نشانہ بنایا گیا۔

متعلقہ خبریں
قومی سیاست میں نائیڈو کو بادشاہ گرکا کردار ادا کرنیکا پھر موقع
لالو پرساد یادو کے زیادہ بچوں پر نتیش کمار کا طنز
میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں: لالو پرساد یادو
نتیش کمار حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا
آیا کمار گیا کمار، چیف منسٹر بہار پر جئے رام رمیش کا طنز

اگرچہ کہ چند گھنٹوں بعد روہنی آچاریہ نے ان پوسٹس کو حذف کردیا لیکن یہ لالو خاندان اور نتیش کمار کے درمیان جاری رسہ کشی کے بارے میں اس خاندان کا نقطہ ئ نظر واضح کرنے کے لئے کافی تھے۔ روہنی نے اپنے پہلے پوسٹ میں کہا کہ بعض لوگ اپنے آپ کو قدآور سماجی قائد قراردیتے ہیں لیکن ان کی آئیڈیالوجی ہوا کی طرح بدلتی رہتی ہے۔

اگرچہ کہ روہنی آچاریہ نے کسی کا نام نہیں لیا لیکن یہ واضح تھا کہ وہ کسے نشانہ بنارہی ہیں۔ نتیش کمار نے چہارشنبہ کے روز کرپوری ٹھاکر کے 100 ویں یوم ِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ ایک جلسہ عام کے دوران کہا تھا کہ ہم نے کرپوری ٹھاکر کی طرح سیاست میں اپنے کسی رکن ِ خاندان کو آگے نہیں بڑھایا۔

وہ بظاہر لالو پرساد یادو پر طنز کررہے تھے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض افراد اپنے خاندانوں کو آگے بڑھاتے ہیں اور انہیں لیڈر بنادیتے ہیں۔ نتیش کمار کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے روہنی آچاریہ نے اپنے دوسرے پوسٹ میں کہا کہ برہمی ظاہر کرنے سے کوئی فائدہ نہیں کیونکہ ان میں سے کوئی بھی اپنے ورثہ کو آگے بڑھانے کے اہل نہیں ہیں۔

ان کے عزائم ٹھیک نہیں ہیں۔انہوں نے اپنی تیسری پوسٹ میں کہا کہ بعض افراد اپنی کمیوں کا محاسبہ نہیں کرتے اور دوسروں پر کیچڑ اچھالتے رہتے ہیں۔ ان پوسٹس کے بعد واضح طورپر ناراض نظر آرہے نتیش کمار نے جمعرات کے روز ایک کابینی میٹنگ کی صدارت کی لیکن کسی بھی آر جے ڈی لیڈر بشمول روہنی کے بھائی تیجسوی یادو سے کوئی بات چیت نہیں کی۔

بعدازاں روہنی نے اپنی پوسٹس حذف کردیں۔ اسی دوران موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب بہار بی جے پی نے آج آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی سنگاپو رمیں مقیم بیٹی روہنی آچاریہ پر چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی توہین کرنے کا الزام لگایا اور ان سے برسرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

بہار بی جے پی لیڈر نکھل آنند نے کہا کہ روہنی آچاریہ نے نتیش کمار کے خلاف جو حکمراں جنتادل یو کے صدر بھی ہیں‘ ایکس پر اپنی کئی پوسٹس میں توہین آمیز زبان استعمال کی جنہیں بعدازاں حذف کردیا گیا۔

آنند نے مبینہ طورپر حذف کردہ پوسٹس کا اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمان سے نکلے ہوئے تیر کی طرح ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اگر روہنی کو چیف منسٹر کے خلاف بدتمیز جیسے الفاظ استعمال کرنے پر افسوس ہے تو انہیں برسرعام اظہار ِ تاسف کرنا چاہئے اور معافی مانگنی چاہئے۔

a3w
a3w