غیر قانونی قبضے برداشت نہیں ہوں گے، ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ کی وارننگ (ویڈیوز)
رنگا ریڈی ضلع کے راجندر نگر حلقہ میں گزشتہ روز شدید بارش کے بعد ایک حفاظتی دیوار کے منہدم ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ مدرسہ کے قریب ایک پل کے نیچے پیش آیا جس کے بعد ضلع انتظامیہ فوری حرکت میں آ گئی۔

رنگا ریڈی (نمائندہ خصوصی) رنگا ریڈی ضلع کے راجندر نگر حلقہ میں گزشتہ روز شدید بارش کے بعد ایک حفاظتی دیوار کے منہدم ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ مدرسہ کے قریب ایک پل کے نیچے پیش آیا جس کے بعد ضلع انتظامیہ فوری حرکت میں آ گئی۔
ضلع کے اعلیٰ عہدیدار اور ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور حالات کا بغور جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نالوں پر غیر مجاز تعمیرات اور ان کی گہرائی میں کمی کے باعث بارش کا پانی ٹھیک طرح سے بہنے سے قاصر رہا، جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نالوں کی موثر صفائی اور پانی کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے چار اہم مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں خصوصی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ پانی کا بہاؤ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔
ہائیڈرا رنگناتھ نے اس بات پر شدید برہمی کا اظہار کیا کہ بعض افراد بفر زون کی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کر کے انہیں پارکنگ مقامات میں تبدیل کر رہے ہیں اور لوگوں سے رقم وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ایسے غیر قانونی اقدامات برداشت نہیں کئے جائیں گے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیو رام پلی میں واقع تالاب کا بھی انہوں نے معائنہ کیا، جہاں بارش کا پانی جمع ہونے کے مسئلہ کو فوری حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی تالاب کے تحفظ کے لئے جلد ہی جامع منصوبہ تیار کر کے اس پر عمل کیا جائے گا۔
ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ نے واضح طور پر کہا کہ:
"بفر زون، نالوں اور تالابوں کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جو کوئی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا، اس کے خلاف سخت کارروای کی جائے گی۔”