حیدرآباد

کتاب "حج کے پانچ دن” کی رسمِ اجرا – جناب عارف قریشی کے مذہبی ذوق کو علماء کا خراجِ تحسین

مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی نے کتاب کے دینی و اصلاحی پہلو کو سراہتے ہوئے کہا کہ جناب عارف قریشی کا دینی اور ادبی ذوق قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ حج صرف رسم نہیں بلکہ ایک قلبی، روحانی اور اخلاقی تربیت کا نام ہے جس کا اثر حاجی کی زندگی بھر پر ہونا چاہیے۔

حیدرآباد: اردو مسکن خلوت میں ایک روح پرور تقریب کے دوران بزم عثمانیہ جدہ کے بانی و صدر جناب عارف قریشی کی نئی تصنیف "حج کے پانچ دن” کی رسم اجرا عمل میں آئی۔ اس موقع پر جامعہ نظامیہ کے امیر، مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد نے کتاب کی رسم رونمائی انجام دی۔ تقریب میں علمائے کرام، ادباء، اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں
حج، خلوص، توبہ اور اطاعت کا سفر ہے، نہ کہ فخر و شہرت کا مظاہرہ – مفتی صابر پاشاہ

مولانا مفتی خلیل احمد نے جناب عارف قریشی کو اس کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ "اللہ تعالیٰ نے انسان اور جنات کو اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے اور حج، اسلام کے عظیم ترین عبادات میں سے ہے جسے مخصوص مقام پر ادا کرنا ضروری ہے۔” انہوں نے کہا کہ حج کے پانچ دنوں کی تفصیلات اور شرعی احکام کو سیکھنا ہر حاجی کے لیے ضروری ہے، اور یہ کتاب اس مقصد کے لیے بہترین ذریعہ ہے۔

مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی نے کتاب کے دینی و اصلاحی پہلو کو سراہتے ہوئے کہا کہ جناب عارف قریشی کا دینی اور ادبی ذوق قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ حج صرف رسم نہیں بلکہ ایک قلبی، روحانی اور اخلاقی تربیت کا نام ہے جس کا اثر حاجی کی زندگی بھر پر ہونا چاہیے۔

مولانا حافظ احسن بن محمد الحمومی قادری نے کہا کہ یہ کتاب نہایت آسان اور سادہ زبان میں عامتہ المسلمین کے لیے لکھی گئی ہے۔ انہوں نے حضرت آدم علیہ السلام کے پیدل حج اور اس عمل کی عظمت کا بھی ذکر کیا۔

پروفیسر ایس اے شکور، ڈائریکٹر دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی، نے کہا کہ جناب عارف قریشی نے سعودی عرب میں اپنی قیام کے دوران حاجیوں اور اردو ادیبوں کی بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے بحیثیت اسپیشل آفیسر حج کمیٹی اپنے تجربات بھی بیان کیے اور کہا کہ عازمین حج کی خدمت ایک مقدس فریضہ ہے۔

جناب ضیاء الدین نیر، سابق صدر بزم عثمانیہ جدہ، نے کہا کہ عارف قریشی نے ملت کے لیے بے لوث خدمات انجام دی ہیں اور ان کی کتاب "حج کے پانچ دن” حجاج کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

اس پر وقار تقریب میں قاری محمد لیاقت علی خان کی تلاوت سے آغاز ہوا، بعد ازاں قاری انیس احمد انیس، محمد امین الدین انصاری (اردو نیوز جدہ)، اور لطیف الدین لطیف نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض اطیب اعجاز نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

آخر میں عارف قریشی نے علمائے کرام، ادباء، اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب عام مسلمانوں کے لیے ایک رہنما ہے تاکہ وہ حج کی ادائیگی بہتر انداز میں کر سکیں۔ انہوں نے مولانا مفتی خلیل احمد، پروفیسر شکور، اور دیگر معززین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر علمائے کرام، مہمانانِ خصوصی، اور دیگر ممتاز شخصیات کی شال پوشی اور گل پوشی کی گئی۔ کتاب "حج کے پانچ دن” کی مفت تقسیم بھی کی گئی۔

کنوینر لطیف الدین لطیف کے کلماتِ تشکر پر اس بابرکت تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔