بھارتسوشیل میڈیا

نریندر مودی پی ایف آئی کے نشانہ پر تھے

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایف آئی کے ارکان نے اہم شخصیتوں پر حملے کرنے 120 کروڑ روپے تک کی بھاری رقم اکھٹا کی تھی۔

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایف آئی کے ارکان نے اہم شخصیتوں پر حملے کرنے 120 کروڑ روپے تک کی بھاری رقم اکھٹا کی تھی۔

ای ڈی کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندرمودی بھی پی ایف آئی کے نشانہ پر تھے اور اس نے جولائی 2020 میں ایک ریالی کے دوران وزیراعظم کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ بہرحال کسی وجہ سے پی ایف آئی نے اس منصوبہ پر عمل نہیں کیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پی ایف آئی کے ارکان نے مودی پر حملہ کرنے کیلئے ایک دہشت گردی کیمپ منظم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا تھا۔

پی ایف آئی نے تقریبا 120 کروڑ روپے اکھٹا کئے تھے تاکہ حملے کئے جاسکیں اور ملک میں بے چینی اور فساد جیسی صورتحال پیدا کی جاسکے۔ ای ڈی نے کیرالا سے پی ایف آئی کے ایک رکن شفیق الر پایتھ کو گرفتار کیا ہے جسے جمعہ کے روز لکھنؤ میں ایک خصوصی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

ای ڈی کے ریمانڈ پیپر میں کہا گیا ہے کہ پی ایف آئی اہم شخصیتوں پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔ ریمانڈ پیپر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند سال کے دوران پی ایف آئی نے 120 کروڑ روپے جمع کئے تھے جن میں بیرونی ممالک سے آنے والی نقد رقومات بھی شامل ہیں۔

یہ رقم پی ایف آئی کے مختلف بینک کھاتوں میں جمع کرائی گئی تھی۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں فسادات کے دوران اس رقم کا کچھ حصہ استعمال کیا گیا تھا یہ رقم عنقریب ہتھیار اور گولہ بارود کی خریدی کیلئے استعمال کی جانے والی تھی تاکہ اترپردیش میں دہشت گرد حملے کئے جاسکیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ خلیجی ممالک میں پی ایف آئی کے کئی سرگرم ارکان ہیں۔