تیندوے کا گائے پر حملہ،عوام میں شدید خوف
اے پی کے مرکاپورم ضلع کے بوملا پورم گاؤں کے قریب ایک تیندوے کی مسلسل نقل و حرکت نے مقامی افراد،کسانوں اور چرواہوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ تازہ واقعہ میں تیندوے نے مویشیوں کے ایک ریوڑ پر حملہ کر کے ایک گائے کو شدید زخمی کر دیا۔
حیدرآباد: اے پی کے مرکاپورم ضلع کے بوملا پورم گاؤں کے قریب ایک تیندوے کی مسلسل نقل و حرکت نے مقامی افراد،کسانوں اور چرواہوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ تازہ واقعہ میں تیندوے نے مویشیوں کے ایک ریوڑ پر حملہ کر کے ایک گائے کو شدید زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بوملا پورم کے قریب دیولیوٹی علاقہ میں جب مویشی چر رہے تھے تواچانک ایک تیندوے نے ان پر حملہ کر دیا۔ چرواہے نے جب شور مچایا تو تیندوے نے گائے کو چھوڑ کر چرواہے کی طرف چھلانگ لگا دی تاہم وہاں موجود دیگر افرادنے لاٹھیوں سے اسے ڈرایا جس کے بعد تیندواوہاں سے جنگل کی طرف بھاگ گیا۔
اس واقعے نے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی اور کسان اب رات کے وقت اپنے کھیتوں کی رکھوالی کے لئے جانے سے گریزکررہے ہیں۔
مقامی افرادکا کہنا ہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ دو ماہ قبل بھی جنگلاتی علاقہ کے قریب اس جنگلی جانورنے ایک بچھڑے کو ہلاک کر دیا تھا۔ چرواہوں کے مطابق گزشتہ تین سالوں سے گانڈی چیروو اور ٹنگوڈو کے علاقوں میں تیندوے کی نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے اور اب تک درجنوں مویشی اس کا شکار بن چکے ہیں۔