لودھی دور کی عمارت کا بیاڈمنٹن کورٹ کیلئے استعمال نہ ہو:ایس سی
سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ لودھی دور کی عمارت ”گمٹی شیخ علی“ کے احاطہ میں واقع پارک کو بیاڈمنٹن یا باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر کے لئے استعمال نہ کیا جائے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ لودھی دور کی عمارت ”گمٹی شیخ علی“ کے احاطہ میں واقع پارک کو بیاڈمنٹن یا باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر کے لئے استعمال نہ کیا جائے۔
ملک کی سب سے بڑی عدالت نے سابق میں حکومت ِ دہلی کو ہدایت دی تھی کہ لودھی دور کی اس عمارت کو محفوظ تاریخی عمارت قراردینے کا تازہ اعلامیہ جاری کیا جائے۔
جسٹس سدھانشو دھولیہ اور جسٹس احسن الدین امان اللہ پر مشتمل بنچ نے یہ بھی ہدایت دی کہ علاقہ میں کوئی تجارتی سرگرمی نہ ہو۔ یہاں خوانچے یا دکانیں نہ لگائی جائیں۔ عدالت کو تیقن دیا گیا کہ پارک کو برقرار رکھا جائے گا‘ اسے خوب صورت بنایا جائے گا تاکہ اس کا قدرتی حسن برقرار رہے۔
اسے مفادِ عامہ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ بنچ نے 31 جولائی کے آرڈر میں کہا کہ یہاں صرف یہ ہدایت دینے کی ضرورت ہے کہ پارک کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ بیاڈمنٹن کورٹ‘ باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر جیسی کوئی سرگرمی نہ ہو۔ معاملہ کی اگلی تاریخ سماعت 28 اگست مقرر کی گئی۔