محبوب نگر: مدرسہ انوارالحسنات للبنات میں مولانا محمد محسن پاشاہ کی گل پوشی
تقریب میں سنی دعوت اسلامی جنوبی بھارت کے امیر مولانا حافظ الحاج محمد حسان فاروقی قادری، نائب امام جامع مسجد محبوب نگر مولانا حافظ سید شاہ مجاہد نقشبندی، خطیب موتی مسجد مولانا حافظ محمد شکیل احمد نقشبندی، اور دیگر مشائخ و علمائے کرام نے شرکت کی۔
محبوب نگر میں مرکزی سنی دعوت اسلامی اور علمائے جامعہ نظامیہ محبوب نگر کی جانب سے اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی کی گل پوشی اور شال پوشی کی تقریب کا کامیاب انعقاد ہوا۔ اس تقریب کا انعقاد مولانا کے دورہ عراق اور مقدس مقامات سے واپسی پر کیا گیا۔
تقریب میں سنی دعوت اسلامی جنوبی بھارت کے امیر مولانا حافظ الحاج محمد حسان فاروقی قادری، نائب امام جامع مسجد محبوب نگر مولانا حافظ سید شاہ مجاہد نقشبندی، خطیب موتی مسجد مولانا حافظ محمد شکیل احمد نقشبندی، اور دیگر مشائخ و علمائے کرام نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز مولانا حافظ سید مجاہد نقشبندی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر سنی دعوت اسلامی کے مبلغ مولانا حافظ محمد عرفان قادری نے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کو دینی تعلیمات سے جوڑنے اور سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنی دعوت اسلامی کا مقصد مسلمان نوجوانوں کو اسلامی فرائض و واجبات کی پابندی کی تعلیم دینا اور نبی اکرم ﷺ کی سنتوں کی پیروی کے لیے راہنمائی فراہم کرنا ہے۔
مزید برآں، مولانا عرفان قادری نے نومبر میں ہونے والے عظیم الشان سنی اجتماع کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ یہ اجتماع 9 نومبر کو زو پارک حیدرآباد میں خواتین کے لیے ہوگا، جبکہ 10 نومبر کو مرد حضرات کے لیے ہوگا۔ اجتماع میں عالمی سطح کے نامور علماء اور مشائخ کے خطابات بھی ہوں گے۔ مولانا حافظ محمد حسان فاروقی قادری نے اس دو روزہ پروگرام میں کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی اور اس کی کامیابی کے لیے اپنے متوسلین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
اس موقع پر اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سنی دعوت اسلامی کے بانی حضرت مولانا شاکر علی نوری قادری کی قیادت میں حیدرآباد کی مکہ مسجد میں پہلا سنتوں بھرا جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے سنی دعوت اسلامی کے مشن کو فروغ دینے اور اسلامی تعلیمات کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں ضلع بھر سے علمائے کرام، خطباء اور مشائخ کے علاوہ مقامی کمیونٹی کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ اس پروقار تقریب کے اختتام پر ملٹی کلر وال پوسٹرز کا اجراء بھی عمل میں آیا۔