جنوبی بھارتسوشیل میڈیا

مودی مسلم خواتین کے ’مکتی داتا‘ کے طور پر یاد کئے جائیں گے: عارف محمد خان

کیرالا کے گورنر عارف محمد خان نے جمعہ کو کہا کہ طلاق ثلاثہ کو ختم کرنے کا فیصلہ تاریخی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تاریخ میں ”مسلم خواتین کے مکتی داتا“ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

نئی دہلی: کیرالا کے گورنر عارف محمد خان نے جمعہ کو کہا کہ طلاق ثلاثہ کو ختم کرنے کا فیصلہ تاریخی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تاریخ میں ”مسلم خواتین کے مکتی داتا“ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

خان آج دارالحکومت میں ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘ نامی کتاب کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

یہ کتاب وزیراعظم کی منتخب تقاریر کا مجموعہ ہے۔ خان نے کہا کہ اس کتاب میں ایک چیز ہر جگہ نظر آتی ہے، وہ ہے ہر طبقے کے لوگوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعظم کی فکر۔تین طلاق کے بارے میں گورنر نے کہا کہ ملک میں صدیوں سے چلی آرہی اس بری رسم پر قابو پانا کوئی چھوٹا کام نہیں تھا۔

یہ عمل پریشان کن تھا، کیونکہ شادی شدہ مسلم خواتین کو طلاق کی تلوار سے مسلسل خوف میں رہنا پڑتا تھا۔ اسی تناظر میں انہوں نے اس کہانی کا حوالہ دیا جس میں اس وقت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے اپنی سب سے بڑی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی سب سے بڑی ناکامی مسلم خواتین کو ہندو خواتین کے برابر حقوق نہ دینا ہے۔

خان نے کہا ”تین طلاق کے رواج کو ختم کرنے کے فیصلے کے اثرات اب سے برسوں بعد محسوس ہوں گے جب سیاسی اور سماجی مفکرین اس کا تجزیہ کریں گے اور وزیر اعظم کو مسلم خواتین کے مکتی داتا کے طور پر یاد کیا جائے گا“۔

کیرالا کے گورنر نے اس کے لیے مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام رکاوٹوں اور احتجاج کے باوجود اپنا وعدہ نبھایا۔

گورنر نے کہا کہ مودی سے پہلے ترقی صرف حکومت اور سرکاری مشینری کی ذمہ داری سمجھی جاتی تھی، لیکن وزیر اعظم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ملک کی ترقی عوامی شراکت کا پروگرام بنے، جس کے عمل اور نتیجہ میں ملک کے عوام کی مساوی شراکت داری ہو۔ یہی جمہوریت کا حقیقی تصور ہے۔