آر ایس ایس لیڈر قتل کیس کا اصل سازشی ممبئی ایرپورٹ سے گرفتار
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پی ایف آئی کے ایک کارکن کو گرفتار کرلیاہے جو مبینہ طور پر آر ایس ایس لیڈر آر ردریش کے قتل کیس کا اہم سازشی ہے۔
نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پی ایف آئی کے ایک کارکن کو گرفتار کرلیاہے جو مبینہ طور پر آر ایس ایس لیڈر آر ردریش کے قتل کیس کا اہم سازشی ہے۔
بیرونی ملک سے واپسی پر اسے ممبئی ایرپورٹ سے گرفتار کیاگیا۔ وفاقی ایجنسی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ غوث نیازی 2016 سے مفرور تھا۔ دارالسلام تنزانیہ سے جمعہ کے روز واپسی کے فوری بعد اسے ایک خصوصی ٹیم نے ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔
بنگلورو کے شیواجی نگر علاقہ کے ممتاز آر ایس ایس لیڈر ردریش کو 16 اکتوبر 2016 کو کرناٹک میں موجودہ ممنوعہ پاپلر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے چار ارکان نے موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس کیس کی تحقیقات سے انکشاف ہوا تھا کہ یہ قتل نیازی کی جانب سے رچی گئی ایک وسیع تر سازش کا حصہ تھا۔ نیازی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ہبل اسمبلی حلقہ کا صدر تھا۔ اس کے ساتھ ایک شخص عاصم شریف بھی تھا۔
عہدیدار نے بتایا کہ ان دونوں نے دیگر 4ملزمین کو مجبور کیاکہ وہ ردریش کو ہلاک کردیں جس کا مقصد آر ایس ایس ارکان اور سماج میں دہشت پھیلاناتھا۔
قاتلوں کو یہ باور کرایاتھا کہ آر ایس ایس کے خلاف لڑائی ایک مقدس جنگ ہے۔ نیازی کی گرفتاری کے ساتھ ہی اس کیس کے تمام ملزمین کو گرفتار کیا جاچکاہے۔ دیگر ملزمین کے خلاف این آئی اے کی بنگلورو میں واقع خصوصی عدالت میں مقدمہ جاری ہے۔