ممتا بنرجی کا رات بھر دھرنا
مختلف سماجی، فلاحی اسکیمات کے لیے مرکز کی جانب سے مغربی بنگال کے بقایہ جات کی ادائیگی کے مطالبہ پر چیف منسٹر ممتا بنرجی کا دھرنا سردی کے باوجود رات بھر جاری رہا، جس کے بعد ہفتہ کی صبح وہ چہل قدمی کے لیے گئیں۔
کولکتہ: مختلف سماجی، فلاحی اسکیمات کے لیے مرکز کی جانب سے مغربی بنگال کے بقایہ جات کی ادائیگی کے مطالبہ پر چیف منسٹر ممتا بنرجی کا دھرنا سردی کے باوجود رات بھر جاری رہا، جس کے بعد ہفتہ کی صبح وہ چہل قدمی کے لیے گئیں۔
ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی ترنمول کانگریس کے قائدین نے جمعہ کی دوپہر کولکتہ کے وسطی علاقے میدان ایریا میں بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ شروع کیا تھا۔
ریاستی وزراء جیسے فرہاد حکیم اور اروپ بسواس بھی رات بھر ممتا بنرجی کے ساتھ دھرنا کے مقام پر تھے۔ صبح میں وہ قریبی ریڈ روڈ پر چہل قدمی کے لیے گئیں اور ایک باسکٹ بال گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا۔
اس علاقہ پر کہر کی گہری چادر چھائی ہوئی تھی اور اسی دوران ممتا بنرجی اپنے سیکوریٹی عملہ کے ساتھ چہل قدمی کے لیے گئیں۔ باسکٹ بال گراؤنڈ میں چند کھلاڑیوں کو دیکھ کر وہ رک گئیں اور ان سے بات چیت کی۔
انھوں نے اس کھیل کو اور اس میں استعمال کیے جانے والے بال کو سمجھنے کی کوشش کی۔ ایک ٹی ایم سی لیڈر نے یہ بات بتائی جو ان کے ساتھ تھے۔
ممتا بنرجی کا دعویٰ ہے کہ مرکز کی بی جے پی زیرقیادت حکومت مختلف فلاحی اسکیمات جیسے منریگا اور پی ایم آواس یوجنا کے سلسلہ میں ریاست کو ہزاروں کروڑ روپئے باقی ہے۔ یہ دھرنا اتوار تک جاری رہے گا، جب کہ پیر سے ریاست کے بجٹ اجلاس کا آغاز ہونے جارہا ہے۔