گورنر مغربی بنگال سیاسی بیانات سے گریز کریں: اسپیکر
اسپیکر مغربی بنگال بمن بنرجی نے جمعہ کے دن گورنر سی وی آنند بوس سے خواہش کی کہ وہ سیاسی محرکہ بیانات نہ دیں۔
کولکتہ: اسپیکر مغربی بنگال بمن بنرجی نے جمعہ کے دن گورنر سی وی آنند بوس سے خواہش کی کہ وہ سیاسی محرکہ بیانات نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کو دستور کا جائزہ لینا چاہئے اور طئے کرنا چاہئے کہ آیا ریاستی اسمبلی میں منظورہ اینٹی ریپ بل پر مزید کسی وضاحت کی ضرورت ہے۔
گورنر نے جمعرات کی شام ممتا بنرجی حکومت پر تنقید کی تھی کہ اس نے بل کے ساتھ ٹیکنیکل رپورٹ نہیں بھیجی جو بل منظور کرنے کے لئے ضروری ہوتی ہے۔
بمن بنرجی نے پی ٹی آئی ویڈیوز سے کہا کہ گورنر سے میری گزارش ہے کہ وہ دستور پر نظر ڈالیں اور خود طئے کریں کہ آیا مغربی بنگال اسمبلی کے منظورہ بل پر مزید کوئی وضاحت طلب ہے۔
اسمبلی ذرائع کے بموجب بل سے متعلق ٹیکنیکل رپورٹ راج بھون کو بھیجی جاچکی ہے۔
اسمبلی نے منگل کے دن اپرجیتا بل منظور کیا تھا جس کی رو سے عصمت ریزی کی شکار کی اگر موت واقع ہوجائے یا وہ کوما میں چلی جائے تو خاطی کو سزائے موت دی جائے گی۔ اس قانون کو پہلے گورنر مغربی بنگال کی اور بعد میں صدرجمہوریہ کی منظوری درکار ہے۔