راہول گاندھی کی قیادت کے تعلق سے منموہن سنگھ کی پرانی پوسٹ وائرل
کانگریس پارٹی اور انڈیا بلاک میں راہول گاندھی کا قد اونچا ہوتا جارہا ہے‘ ایسے میں ان کی قیادت کے تعلق سے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے ایک پرانے کمینٹ سے سوشل میڈیا میں طوفان آگیا۔
نئی دہلی: کانگریس پارٹی اور انڈیا بلاک میں راہول گاندھی کا قد اونچا ہوتا جارہا ہے‘ ایسے میں ان کی قیادت کے تعلق سے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے ایک پرانے کمینٹ سے سوشل میڈیا میں طوفان آگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹ میں منموہن سنگھ کو راہول گاندھی قیادت کی ستائش کرتے اور ان کے تحت کام کرنے کی خواہش ظاہر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
منموہن سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ پوسٹ 7 ستمبر 2013 کو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ میں راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے لئے کام کرنا چاہوں گا۔
یوپی اے حکومت کی دوسری میعاد کے دوران سابق وزیراعظم کی اس پوسٹ پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی توجہ مرکوز ہوئی اور کئی کا ردعمل سامنے آیا۔ بعض نے اسے شرمناک بتایا۔
رمیش تیواری نامی ایک یوزر نے مذاق اڑاتے ہوئے لکھا کہ 20 سال بعد منموہن سنگھ‘ ریحان وڈرا کی تعریف میں پوسٹ شیئر کریں گے۔ ایک اور یوزرراہول سولنکی نے کہا کہ یہ کانگریس کا غلامانہ کلچر ہے۔ راہول گاندھی اب 18 ویں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن بن چکے ہیں۔
انہیں حالیہ عام انتخابات میں پارٹی کے حالات بدلنے کا کریڈٹ حاصل ہے لیکن ان کے سیاسی حریفوں کو کانگریس پارٹی میں کوئی تبدیلی دکھائی نہیں دیتی۔ بی جے پی نے پھر کہاکہ ملک کی سب سے قدیم جماعت میں آج بھی پریوارواد (گھرانہ شاہی سیاست)رائج ہے۔