منوج جرنگے خوش، اوبی سی قائدین ناراض
جہد کار منوج جرنگے نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ مرہٹواڑہ اور مغربی مہاراشٹرا میں اب مراٹھا برادری کو ریزرویشن مل جائے گا جبکہ او بی سی قائدین نے حکومت کے فیصلہ پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ وہ احتجاج کریں گے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) (پی ٹی آئی) جہد کار منوج جرنگے نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ مرہٹواڑہ اور مغربی مہاراشٹرا میں اب مراٹھا برادری کو ریزرویشن مل جائے گا جبکہ او بی سی قائدین نے حکومت کے فیصلہ پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ وہ احتجاج کریں گے۔
دیگر پسماندہ طبقات کے ممتاز قائد چھگن بھوجبل نے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جس سے اشارہ ملتا ہے کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ منوج جرنگے نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایک دواخانہ میں میڈیا سے کہا کہ ہم نے جیت حاصل کی ہے اور اس کا سہرا مراٹھا برادری کے سر بندھتا ہے۔
مرہٹواڑہ اور مغربی مہاراشٹرا کے مرہٹوں کو اب ریزرویشن مل جائے گا۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ پرامن رہیں اور ان کے فیصلہ پر بھروسہ رکھیں۔43 سالہ جہدکار کا جو بھوک ہڑتال ختم کرکے ممبئی سے لوٹ گئے‘ یہاں کے ایک خانگی دواخانہ میں علاج چل رہا ہے۔ ان کے جسم میں پانی کم ہوگیا ہے اور بلڈ شوگر لو ہوگئی ہے۔
منوج جرنگے نے کہا کہ اب تک ریاستی حکومت نے ہمارے حق میں ایک سطر تک نہیں لکھی تھی۔ عوام کو جوکر ٹائپ کے لوگوں پر بھروسہ نہیں کرنا چاہئے جنہوں نے میری مہم پر تنقید کی تھی۔ فیصلہ کے خلاف بولنے والوں نے مرہٹوں کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔
اسی دوران بمبئی ہائی کورٹ نے کوٹہ جہدکار سے جواب مانگا ہے کہ ان کی ہڑتال کی وجہ سے ممبئی میں املاک کو بھاری نقصان پہنچا۔ بلدیہ کے عملہ کو کچرا‘ غذائی اشیا اور پانی کی بوتلیں آزاد میدان اور جنوبی ممبئی کی سڑکوں سے اٹھانے رات بھر مشقت کرنی پڑی۔
آزاد میدان اور متصل علاقوں سے 125 میٹرک ٹن کچرا اٹھایا گیا۔ کابینی اجلاس میں چھگن بھوجبل کی عدم شرکت کے بارے میں پوچھنے پر منوج جرنگے نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ چالاک لیڈر ہے۔ اس کا یہ بھی مطلب ہوا کہ مراٹھا کمیونٹی ریزرویشن لینے میں کامیاب رہی۔