حیدرآباد

بھدرا چلم میں گوداوری کی سطح49 فٹ سے زائد درج

عہدیداروں کو نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کے عمل میں سرعت پیدا کرنے کی ہدایت دی ہے اور متاثرہ افراد کیلئے تمام تر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حیدرآباد: ریاست کے مختلف مقامات پر لگا تا بارش کے درمیان بھدراچلم کے قریب گوداوری کی سطح میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے۔ اوپری علاقوں میں ندی میں سیلاب کی وجہ سے گوداوری کی سطح آج صبح7 بجے49.8 فٹ درج کی گئی ہے۔

اس دوران حکام نے خطرہ کے انتباہ کا دوسرا سگنل جاری کردیا۔ بھدرا چلم میں گوداوری میں پانی کا بہاؤ 12لاکھ11ہزار سے زائد کیوزک بتایا گیا ہے۔ دریا گوداوری میں پانی کی سطح53فٹ پہنچ جانے کے بعد حکام، خطرہ کے انتباہ کا تیسرا سگنل جاری کریں گے۔

 یہاں گوداوری کی سطح میں ہر گھنٹہ اضافہ ہورہا ہے۔ منگل کی شام پانی کی سطح43.5فٹ تھی جو نصف شب میں بڑھ کر اس کی سطح 48 فٹ ہوگئی۔ ضلع کلکٹر بھدرا دری کتہ گوڑم انودیپ نے بھدراہ ہم، چرلہ، دمو گوڑم، بورگم پاڈ، سرایا کہ، اشواراؤ پیٹ، پنا پا کا، ایڈولہ بیارام اور دیگر مواضعات کے عوام سے چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔

 انہوں نے عہدیداروں کو نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کے عمل میں سرعت پیدا کرنے کی ہدایت دی ہے اور متاثرہ افراد کیلئے تمام تر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔