اُردو یونیورسٹی میں فیشن ٹیکنالوجی و انٹیریر ڈیزائننگ کے لئے یادداشت مفاہمت
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر مانو کی موجودگی میںپروفیسراشتیاق احمد، رجسٹرار، مانو اور محترمہ سمانہ حسینی، صدر سمانہ کالج نے آج یہاں اس یادداشت پر دستخط کیے۔
حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اسکول آف ٹیکنالوجی نے مانو کے طلبہ کو فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے ہنر پر مبنی کورسز کی فراہمی کے لئے سمانہ کالج آف ڈیزائن اسٹڈیز، حیدرآباد کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔
اس کے ذریعہ طلبہ کو فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائننگ میں ایک سمسٹر پر مشتمل سرٹیفکیٹ کورس اور دو سمسٹر پر مشتمل ڈپلومہ کورس کے علاوہ 4 سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام فراہم کیے جائیں گے۔ یہ یادداشت مفاہمت پانچ سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر مانو کی موجودگی میںپروفیسراشتیاق احمد، رجسٹرار، مانو اور محترمہ سمانہ حسینی، صدر سمانہ کالج نے آج یہاں اس یادداشت پر دستخط کیے۔
یہ یادداشت مفاہمت طلبہ میں ہنرمندی کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے قومی تعلیمی پالیسی 2020کے عین مطابق ہے۔
اس مشترکہ کوشش کا مقصد مانو کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا، مالی طور پر بااختیار بنانا اور مجموعی ترقی کے لیے فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائننگ کی تربیت کے ذریعے انھیں ہنرمند بنانا ہے۔
پروفیسر عبدالواحد، پروفیسر سید نجم الحسن، پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی اور سمانہ کالج کے عہدیداروں نے اس تقریب میں شرکت کی۔