کاٹے دان میں زبردست آتشزدگی، پلاسٹک اور پلائی ووڈ کی دو فیکٹریاں جل کر خاکستر
حیدرآباد کے کاٹے دان صنعتی علاقے میں اتوار کی شام زبردست آتشزدگی کے نتیجے میں پلاسٹک اور پلائی ووڈ کی دو فیکٹریاں شدید متاثر ہوگئیں۔ آگ کے باعث علاقے میں دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے
حیدرآباد: شہر کے علاقہ کاٹے دان میں ایک صنعتی یونٹ میں زبردست آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں پلاسٹک تیار کرنے والی فیکٹری اور اس سے متصل پلائی ووڈ فیکٹری آگ کی لپیٹ میں آکر شدید متاثر ہوگئیں۔ آتشزدگی کے باعث دونوں فیکٹریوں میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ کا آغاز پلاسٹک تیار کرنے والے صنعتی یونٹ سے ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے پڑوس میں واقع پلائی ووڈ فیکٹری تک پھیل گئی۔ پلائی ووڈ اور دیگر آتش گیر اشیاء کی موجودگی کے باعث آگ نے انتہائی شدت اختیار کرلی اور شعلے بلند ہونے لگے۔
آگ کے نتیجہ میں علاقے میں دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے جس سے اطراف کے مکینوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ کے مزید پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر مقامی افراد میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا اور کئی لوگ اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ پولیس کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے تین فائر انجنوں کی مدد سے کارروائی شروع کی گئی
ذرائع کے مطابق حکام کی ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ صنعتی یونٹ ضروری اجازت ناموں کے بغیر چلائے جا رہے تھے۔ تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ اور مجموعی مالی نقصان کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے۔