سوشیل میڈیاقومی

ویڈیو: معصوم بچہ پر پالتو کتے کا حملہ، مالک کے رویہ پر عوام برہم

جرمن شیفرڈ کتے نے 10 سے 11 سالہ بچے پر اچانک حملہ کردیا، سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد کتے کے مالک کے مبینہ غیر ذمہ دارانہ رویے پر سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل۔

نئی دہلی: ایک رہائشی عمارت کے راہداری میں دو کمسن بچے معمول کے مطابق گزر رہے تھے کہ اچانک ایک جرمن شیفرڈ کتے نے ان میں سے ایک بچے پر حملہ کردیا۔

وائرل سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریباً 10 سے 11 سال عمر کے دو بچے راستہ سے گزر رہے تھے۔ اسی دوران سامنے سے ایک شخص اپنے پالتو جرمن شیفرڈ کتے کے ساتھ آتا دکھائی دیتا ہے۔ بچوں کے قریب پہنچتے ہی کتا اچانک ایک بچے پر جھپٹ پڑتا ہے۔ موقع پر موجود دوسرے بچے اور کتے کے مالک کی مدد سے کسی طرح بچے کو کتے سے الگ کیا گیا۔

واقعہ کے بعد کتے کے مالک کے رویہ نے لوگوں کو مزید برہم کردیا۔ الزام ہے کہ بچے کو کتے سے چھڑانے کے بعد مالک نے نہ تو اس کی خیریت دریافت کی اور نہ ہی یہ جاننے کی کوشش کی کہ اسے کوئی چوٹ تو نہیں آئی۔ وہ اپنے کتے کو لے کر وہاں سے روانہ ہوگیا، جبکہ خوفزدہ بچہ روتا رہا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے کتے کے مالک کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر شدید ناراضگی ظاہر کی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بڑے اور طاقتور پالتو کتوں کو عوامی مقامات پر لے جاتے وقت مالکان کو مکمل احتیاط برتنی چاہیے۔ صارفین نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کتے کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جائے۔

نوٹ: یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل سی سی ٹی وی ویڈیو اور اس کے ساتھ شیئر کی گئی معلومات پر مبنی ہے۔