قانونی مشاورتی کالمقومی

زمین کا سروے نمبر اور سرکاری ریکارڈ مختلف! مالک کیا کرے؟

اگر آپ کی زرعی زمین کی پٹہ پاس بک میں سروے نمبر غلط درج ہوگیا ہے تو اسے درست کروانے کا قانونی طریقہ کیا ہے؟ جانئے سیل ڈیڈ، پہانی ریکارڈ اور زمین کے سرکاری سروے کی مدد سے ریکارڈ میں تبدیلی کا طریقہ۔

سوال: میری پانچ ایکر زرعی زمین گاؤں میں ہے۔ جاریہ سال مجھ کو منڈل آفس کی جانب سے جو پٹہ پاس بک دی گئی ہے۔اس پٹہ پاس بک میں سروے نمبر غلط بتایا گیا ہے۔ اب جب کہ پٹہ پاس بک میں سروے نمبر غلط درج کیا گیا ہے تو کیا میں پٹہ پاس بک میں سروے نمبر کو تبدیل کروا سکتا ہوں۔؟

جواب: اگر آپ کی زرعی جائیداد ہے اور آپ نے یہ جائیداد کو سیل ڈیڈ کے تحت خریدا ہے اور اس سیل ڈیڈ میں جو سروے نمبر بتایا گیا ہے اور اس سیل ڈیڈ کی بنیاد پر جو پٹہ پاس بک آپ کو جاری کی گئی ہے۔

اگر وہ پٹہ پاس بک میں سروے نمبر، سیل ڈیڈ کے سروے نمبر کے مطابق نہیں ہے یا سیل ڈیڈ اور پٹہ پاس بک کے سروے نمبر میں فرق ہے تو پھر آپ اس سیل ڈیڈ کو پیش کرتے ہوئے پٹہ پاس بک کے سروے نمبر کو تبدیل کروانے کے لئے درخواست داخل کر سکتے ہیں۔

آپ اس معاملہ میں تحصیلدار کی سطح پر بھی درخواست داخل کر سکتے ہیں یا ڈسٹرکٹ کلکٹر کی سطح پر بھی درخواست داخل کی جاسکتی ہے۔ اگر یہ زرعی جائیداد آپ کو وراثت میں ملی ہے تو پھر جن سے آپ کو یہ زمین وراثت میں ملی ہے۔ ان کے دور میں جو پہانی کے پیپرس ہوں گے۔ وہ پہانی کے پیپرس میں جو سروے نمبر بتایا گیا ہے۔

وہ سروے نمبر سے آپ پٹہ پاس بک کے سروے نمبر کو ٹیالی کریں۔ اگر سروے نمبر میں تبدیلی ہے۔ سروے نمبر میں فرق ہے۔ تو پھر آپ پہانی پیپرس کی اساس پر پٹہ پاس بک میں سروے نمبر کی تبدیلی کے لئے درخواست داخل کر سکتے ہیں۔ اگر صورتحال ایسی ہے کہ ایک زرعی زمین پر آپ قابض ہیں اور جو زمین آپ کے قبضے میں ہے۔

اس کا سروے نمبر الگ ہے اور جو پٹہ پاس بک آپ کو جاری کی گئی ہے۔ اس میں سروے نمبر الگ ہے تو آپ تحصیلدار کو درخواست دیتے ہوئے پہلے زمین کا سروے کروالیں ۔ زمین یا جائیدادکی باؤنڈریز کا تعین کروالیں۔ پنج نامہ کی بنیاد پر آپ سرویئر کے ذریعہ ایک سروے نامہ حاصل کریں۔جس میں آپ کی زمین کا سروے نمبر بھی مینشن کیا جائے گا۔

پھر آپ اس سروے نامہ کو پیش کرتے ہوئے آپ کو جو پٹہ پاس بک جاری کی گئی ہے۔ اس پٹہ پاس بک میں سروے نمبر کی تبدیلی کے لئے درخواست داخل کریں۔ یہی طریقہ کار آپ کے لئے سہل اور آسان رہے گا۔