حیدرآباد

آپریشن کوچ کے تحت چارمینار زون میں زبردست فلیگ مارچ، 130 گاڑیاں ضبط

حیدرآباد کے پُرانے شہر میں امن و امان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے ’آپریشن کوچ‘ کے تحت بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے۔

حیدرآباد کے پُرانے شہر میں امن و امان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے ’آپریشن کوچ‘ کے تحت بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے۔ چارمینار زون میں یہ خصوصی کارروائی ڈپٹی کمشنر آف پولیس کیرن کھیرا کی قیادت میں انجام دی گئی، جس کے دوران آئی ایس سدن چوراہے سے سعید آباد چوراہے تک ایک زبردست فلیگ مارچ نکالا گیا۔

اس فلیگ مارچ میں تقریباً 200 پولیس اہلکاروں نے شرکت کی، جس کا مقصد عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا اور سماج دشمن عناصر کو واضح پیغام دینا تھا کہ پولیس ہر طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت ہے۔

’آپریشن کوچ‘ کے تحت کیے گئے خصوصی ڈرائیو کے دوران گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر جانچ کی گئی، جس میں 130 ایسی گاڑیاں ضبط کی گئیں جن کے نمبر پلیٹس درست نہیں تھے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ یہ کارروائیاں مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دی جا رہی ہیں۔

ڈی سی پی کیرن کھیرا نے واضح طور پر کہا کہ غنڈہ عناصر، روڈی شیٹرز اور سماج دشمن طاقتوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی کو بھی قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں ساؤتھ زون اور ساؤتھ ایسٹ زون کی تنظیم نو کرتے ہوئے انہیں چارمینار زون میں شامل کیا ہے، تاکہ پولیسنگ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عوامی تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً ڈائل 100 پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس کی یہ کارروائی پُرانے شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی سمت ایک مضبوط قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔