مولانا جعفر پاشاہ کا حضرت خسروبابا کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار
مولانا جعفر پاشاہ نے اپنے تعزیتی پیام میں مزید کہاکہ بندگان توحید کی اصلاح کے لئیے حضرت کی خدمات ناقابل فراموش ہیں خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوۓ حضرت نے تعلیمی میدان میں عظیم انقلاب پیداکیا تعلیمی اداروں کا قیام اور تعلیمی خدمات انجام دینا انتہائی غیر معمولی وقابل تحسین وقابل تقلید کارنامہ ہے۔
حیدرآباد: حضرت مولانا محمد حُسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز رح گلبر گہ شریف حضرت مولانا ڈاکٹر سیدشاہ گیسو دراز ح المعروف خسروبابا قبلہ کے سانحہ ارتحال کو ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ قرار دیتے ہوۓ اللہ تعالیٰ سے دعاکی کہ مرحوم کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرماۓ۔
مولانا جعفر پاشاہ نے اپنے تعزیتی پیام میں مزید کہاکہ بندگان توحید کی اصلاح کے لئیے حضرت کی خدمات ناقابل فراموش ہیں خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوۓ حضرت نے تعلیمی میدان میں عظیم انقلاب پیداکیا تعلیمی اداروں کا قیام اور تعلیمی خدمات انجام دینا انتہائی غیر معمولی وقابل تحسین وقابل تقلید کارنامہ ہے۔
خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی اہلیان گلبرگہ کے لئیے ہی نہیں بلکہ ہندوستان بھر کے تشنگان علم کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں یہ یونیورسٹی کا قیام حضرت کی انتھک جستجو فہم وفراست اور اولوالعزمی کا نتیجہ ہے حضرت نے متعدد کتا بیں بھی تصنیف کی ہیں ساری مصروفیات کے ساتھ ساتھ تصنیف کا بھی کام حضرت کی علمی ومذہبی مشغولیت کو ظاہرکرتاہے۔
حضرت کا حیدرآباددکن سے پیدائشی وقلبی تعلق رہا اس عظیم الشان بزرگ شخصیت حضرت خسروبابا کی علمی وینی خدمات نے اپنے پیچھے اپنے فلاحی ورفاہی خدمات کا ایک عظیم ریکارڈ چھوڑا ہے چھوٹوں سے محبت وشفت اور بڑوں سے عقیدتمندی اور سلوک کی آپ نے انمٹ مثالیں چھوڑی ہیں نرم دم گفتگو ‘ انکساری اور منکسرالمزاجی وبلند کردار نے حضرت خسروحُسینی صاحب کو عوامی مقبولیت کے اونچے درجے پر فائز کیا تھا۔
انہوں نے اپنی زندگی کا بہت بڑا حصہ اللہ والوں کی صحبت میں گزارا ہر ایک کیساتھ اخلاص ومحبت سے پیش آنے کی وجہ سے ہر کوئی ان کا گرویدہ تھا مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ حضرت سید شاہ گیسو دراز حسینی نے اپنے کردار علم وعمل سے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کے قلوب کی اصلاح کی وہ آل انڈیا پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر بھی تھے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے حضرت کی گوناگوں صلاحیتوں اور مفید مشوروں سے استفادہ کیا ہے مولانا جعفر پاشاہ نے مرحوم کے فرزندان جناب سید محمد علی الحسینی اور ڈاکٹرسید مصطفیٰ علی حسینی سے قلبی تعزیت کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ وہ اپنے والد کے تعلیمی اور خانقاہی مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے