مولانا سید احسان الدین قاسمی کی نظام آباد آمد ادارہ مظہرالعلوم میں طلباء و علماء سے خطاب
جمعیت علماء تلنگانہ کے صدر حضرت مولانا سید احسان الدین صاحب قاسمی کی نظام آباد آمد پر ادارہ مظہر العلوم میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں طلباء، علماء اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
نظام آباد: جمعیت علماء تلنگانہ کے صدر حضرت مولانا سید احسان الدین صاحب قاسمی کی نظام آباد آمد پر ادارہ مظہر العلوم میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں طلباء، علماء اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز ادارہ کے شعبہ عالمیت کے طالب علم محمد سیف اللہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ حافظ محمد افسر نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر مولانا سید احسان الدین صاحب نے اپنے پرمغز خطاب میں کہا کہ ہر عمل میں اخلاص و للہیت لازمی ہے۔ انہوں نے طلباء اور علماء کو تاکید کی کہ ہر کام صرف اللہ کی رضا کے لیے کریں اور نام و نمود یا شہرت کے لیے کبھی نہ کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے تقویٰ اختیار کرنے، گناہوں سے پاک زندگی گزارنے اور علم کے حصول میں اخلاص اپنانے کی نصیحت کی، کیونکہ یہی اصول اللہ کی مدد اور نصرت کا سبب بنتے ہیں۔
پروگرام میں جمعیت علماء تلنگانہ کے جنرل سکریٹری حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر بھی مہمان خصوصی کے طور پر موجود رہے اور تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔
اختتام پر ادارہ مظہر العلوم کے ناظم اور جمعیت علماء ضلع نظام آباد کے صدر حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ادارہ کے اساتذہ و طلباء کے علاوہ شہر و اطراف کے علماء، جمعیت کے صدور، سکریٹریان اور دانشور حضرات بھی موجود تھے۔