شمالی بھارت

میرٹھ میں سوربھ راجپوت کا قتل جادوٹونا کا نتیجہ؟ ارکانِ خاندان

سوربھ راجپوت جسے اس کی بیوی مسکان رستوگی نے اپنے آشنا ساحل شکلاکے ساتھ مل کر ہلاک کردیا، کے ارکان خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ جادوٹونا کے نتیجہ میں قتل کا یہ سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔

میرٹھ(یوپی) (پی ٹی آئی) سوربھ راجپوت جسے اس کی بیوی مسکان رستوگی نے اپنے آشنا ساحل شکلاکے ساتھ مل کر ہلاک کردیا، کے ارکان خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ جادوٹونا کے نتیجہ میں قتل کا یہ سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔

پولیس نے ان دعوؤں پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، لیکن راجپوت کی ماں رینودیوی نے کہا کہ مسکان اور ساحل دونوں جادو ٹونا کرتے تھے۔ انہوں نے تانترک رسومات انجام دیتے ہوئے میرے بیٹے کو ہلاک کردیا۔ سوربھ راجپوت کے ساس، سسر کویتا اور پرمود رستوگی نے الزام لگایا کہ ساحل نے ان کی بیٹی مسکان کو تانترک رسومات پر یقین دلاتے ہوئے اپنے قبضہ میں کرلیا تھا۔

اس نے مسکان کو اپنی 6سالہ بیٹی سے بھی الگ رکھا تھا۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ سوربھ راجپوت کو اس کی بیوی اور آشنا نے 4مارچ کو نشہ آور دوا دینے کے بعد چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا تھا۔ اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کئے گئے تھے اور انہیں ایک ڈرم میں ڈال کر سمنٹ سے ڈھک دیا گیا تھا۔ بعدازاں یہ دونوں چھٹیاں منانے ہماچل پردیش چلے گئے اور راجپوت کے فون سے اس کے ارکانِ خاندان کو پیامات روانہ کرتے ہوئے گمراہ کرتے رہے تھے۔

اس معاملہ کی اطلاع 18مارچ کو پولیس کو دی گئی تھی جس کے بعد مسکان اور ساحل کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ مقتول کی ماں نے کہا کہ ساحل نے جادو ٹونا کرتے ہوئے مسکان کے ذہن پر غلبہ کرلیا تھا اور اس نے اپنی 6 سالہ لڑکی کو بھی اپنے سے دور رکھنا شروع کردیا تھا۔ ساحل نے مسکان کو نشہ کاعادی اور توہم پرست بنادیا تھا۔

پڑوسیوں نے بتایا کہ ساحل اکثر زرد اور سیاہ رنگ کے کرتے پہنتا تھا جن کے اوپر ”مہاکال“ لکھا ہوتا تھا اور کئی مذہبی علامتیں اور پراسرار نشانات بنے ہوئے ہوتے تھے۔ اس کے کمرے میں عجیب و غریب تصاویر بھری ہوئی تھیں۔ ایک پڑوسی نے بتایا کہ ساحل کے کمرے سے کئی ڈراؤنی تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں۔

وہ صرف بلیوں کو کھانا ڈالنے باہر نکلتا تھا اور اس کے کمرے کی لائٹیں اکثر بند رہا کرتی تھیں۔ اسی دوران مسکان کے بیانات سے پولیس کو اشارہ ملا ہے کہ ساحل نے یہ قتل کرنے کیلئے اس کا استحصال کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی ایک دوسرے کے ساتھ نئی زندگی کیلئے یہ قتل ضروری ہے۔

ایک ذریعہ نے بتایا کہ مسکان نے اپنے بیانات میں یہ واضح کیا ہے کہ ساحل نے کہا تھا ”تم کو سوربھ کو قتل کرنا ہوگا، اس کے بعد ہی ہم ایک نئی زندگی شروع کرسکتے ہیں“۔ ساحل نے مسکان سے اپنے شوہر کا قتل کروایا۔

پہلے اس نے مسکان کو سوربھ کے سینہ پر بٹھایا اور پھر باورچی خانہ سے چاقو لایا اور اسے بتایا کہ کس طرح سوربھ کو تین مرتبہ چاقو گھونپنا ہے، جب مسکان ایسا کرنے سے قاصر رہی تو ساحل نے اس کا ہاتھ پکڑا اور بیہوش سوربھ کے سینہ میں تین مرتبہ چاقو گھونپنے لگایا۔